تقریبات/سیمینارز

حقوق خلق پارٹی کی جانب سے مزدور رہنما محمد عبداللہ بٹ شہید کی یاد میں ورکرز کنونشن کا اہتمام

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) حقوق خلق پارٹی کی جانب سے مزدوروں کے رہنما محمد عبداللہ بٹ شہید کی یاد میں ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا۔ کنونشن میں پاکستان کسان رابطہ کمیٹی انجمن مزارعین پنجاب کے رہنما، ٹریڈ یونین لیڈر، طلبا لیڈران کے ساتھ سندھ سے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر, خیبر پختون خواہ سے ایم این ڈاکٹر امجد علی خان، اور مزدور کسان پارٹی کے ڈاکٹر تیمور رحمان نے شرکت کی۔ کنونشن میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بھر میں مزدور اور کسان تحریک کو منظم کیا جائے گا، طلبا و نوجوانوں کے ساتھ رابطے کے لئے عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی، جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے جدوجہد کو تیز کیا جائے گا اور پنجاب کے اندر بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ کنونشن میں ٹریڈ یونین لیڈر عبداللہ بٹ شہید کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور پارٹی کارکنان نے وعدہ کیا کہ وہ عبداللہ بٹ شہید کی جدوجہد کا سفر جاری رکھیں گے۔ عبداللہ بٹ شہید کے بیٹے اور حقوق خلق پارٹی کے سینئر نائب صدر حیدر بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد کے مزدور دوست منشور کو کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد کا قاتل صرف ایک شخص نہیں بلکہ وہ نظام ہے جو منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتا ہو، نوجوانوں کو بے روزگار کر کے انہیں گن کلچر کا حصہ بناتا ہے اور غنڈہ گردی کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والد کے قتل کا بدلہ ہم صرف ایک شخص سے نہیں لیں گے بلکہ اس ظالم نظام میں شامل ہر وڈیرے جاگیردار سے لیں گے اور عوامی مزاحمت اور اکٹھ کر کے لیں۔ میرے والد کا مزدوروں کی حکمرانی کا خواب ضرور پورا ہوگا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حقوق خلق پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عمار علی جان نے شہید عبداللہ بٹ کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہمیں ایسے لوگوں کے نقش قدم پر چلنا ہے جو مزدور کو منظم کرتے رہے اور اپنی آخری سانس بھی ان کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک صرف امیروں اور سرمایہ داروں کیلئے آزاد ہے۔ مزدور، کسان اور عام شہری آج بھی غلام ہیں اور جس طرح برطانوی سامراج کے خلاف اس شہر کے بھگت سنگھ نے بغاوت کی ہمیں بھی ایسی ہی بغاوت کرنا ہوگی۔ ہمیں منظم ہونا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حقوقِ خلق پارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، اس لیے پارٹی کی مختلف شہروں میں ممبر شپ اور تنظیم سازی کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے پوتے اور میر مرتضی بھٹو شہید کے فرزند ذوالفقار علی بھٹو(جونیئر) نے اپنے والہانہ استقبال پر فیصل آباد کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا سندھ اور پنجاب کے کسان اور مزارعے شدید پریشان ہیں، دریائے سندھ پہلے ہی خشک ہے اور کارپوریٹ فارمنگ کو پروموٹ کرنے کیلئے دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنا سندھی ہاریوں کے ساتھ ظلم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بھٹو خاندان کا وارث ہوں مگر اس ملک کے وارث آپ عام عوام ہیں اور ہم عوام کے ساتھ مل کر مزاحمت کریں گے اور اس ملک میں انقلابی تبدیلی لے کر آئیں گے، انہوں نے دورہ پنجاب پر حقوق خلق پارٹی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ مزدور کسان پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تیمور رحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہید عبداللہ بٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ دنیا بھر کو محنت کشو ایک ہو جاو کا مطلب کیا ہے اور مزدوروں کو اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے کیلئے منظم ہونے کی ضرورت ہے، انہوں نے کامیاب ورکرز کنونشن پر حقوق خلق پارٹی فیصل آباد کو مبارکباد دی اور آخر میں شہید عبداللہ بٹ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے انقلابی نغمہ بھی گایا

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button