بین الاقوامی

بنگلہ دیش میں تاریخ رقم، عبوری کابینہ میں طلباء بھی شامل، وزارتیں مل گئیں

ڈھاکہ (94 نیوز) بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف تحریک کی قیادت کرنے والے 2 طالب علم رہنماء ناہید اسلام اور آصف محمود بھی عبوری کابینہ میں شامل کرلئے گئے۔

آصف محمود اور ناہید اسلام نے بنگلہ دیش کی نئی عبوری حکومت کے مشیروں کے طور پر حلف اٹھا کر تاریخ رقم کردی ہے، کیونکہ بنگلہ دیشی تاریخ میں طلباء کو پہلی مرتبہ کابینہ میں نمائندگی دی گئی ہے۔

بنگلہ دیش میڈیا بھی طالب علموں کی عبوری کابینہ میں شمولیت کو ملک کے سیاسی منظر نامے میں اہم تبدیلی قرار دے رہا ہے، ناہید اسلام کو وزارت ڈاک، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مشیر بنایا گیا ہے، جبکہ آصف محمود امور نوجوانان اور کھیلوں کی وزارت میں شامل کیا گیا ہے۔ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ناہید اسلام نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک نیا بنگلہ دیش بنانا ہے اور ہمارا بنیادی مقصد منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف کیا جانے والا احتجاج بعد میں حسینہ واجد کو ہٹانے کی تحریک میں تبدیل ہوگیا تھا، جس کے باعث حسینہ واجد کو وزیراعظم کے عہدے سے مستعفی ہوکر ملک چھوڑ کر فرار ہونا پڑا تھا، جس کے بعد فوج نے اقتدار سنبھالتے ہی عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ روز نئی عبوری حکومت نے بھی اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button