ایشین گیمز میں پاکستان 6 سے 7 ایونٹس میں میڈلز حاصل کر سکتا ہے، سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن


اسلام آباد (94 نیوز) سیکرٹری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خالد محمود نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان 6 سے 7 ایونٹس میں میڈلز حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز میں 248 رکنی دستہ شرکت کرے گا۔ 93 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اخراجات پاکستان اسپورٹس بورڈ برداشت کرے گا جبکہ 155 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اخراجات متعلقہ فیڈریشنز، پی او اے اور کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت برداشت کریں گے۔
خالد محمود کے مطابق سینئر وائس پریزیڈنٹ پی او اے فاطمہ لاکھانی پاکستانی دستے کی چیف ڈی مشن ہوں گی۔ خالد محمود نے ایشن گیمز میں ایتھلیٹکس، کبڈی، مینز و ویمنز کرکٹ، اسکواش، شوٹنگ، ہاکی، والی بال اور باکسنگ میں میڈلز کی امید ظاہر کی، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان 23 ڈسپلنز میں شرکت کرے گا، جن میں 14 ڈسپلنز میں خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت شرکت کرنے والا کھلاڑی اگر میڈل جیتتا ہے تو اسے حکومتی انعامی رقم ملنی چاہیے۔ ایشین گیمز کے لیے صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور وزیرِ کھیل کو دعوت نامے موصول ہوئے ہیں تاہم کسی کی شرکت کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی، جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی جاپان جا رہے ہیں۔
خالد محمود نے مزید کہا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کو سال میں 3 مرتبہ اینٹی ڈوپنگ کے حوالے سے لیکچرز اور سیمینارز دیے جاتے ہیں، جبکہ ایشین گیمز کے لیے خصوصی ورکشاپ بھی کرائی جا رہی ہے۔



