قومی

فیصل آباد کی تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ و بحالی کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر،ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور،ڈی جی ایف ڈی اے، سی ای او ایجوکیشن کامختلف عمارتوں کا جائزہ

فیصل آباد (94 نیوز) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کی تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ و بحالی کے لئے ہمہ جہت منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ آئندہ نسل اس علاقے کی تاریخ و ثقافت اور طرز زندگی سے آشنا رہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر محمد علی کی دعوت پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ضلع بھر میں مختلف یادگار عمارتوں پر جا کر ان کی تعمیراتی بحالی کے امور کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) شمائلہ منظور‘اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عمردراز گوندل‘ ایڈیشنل ڈی جی ایف ڈی اے عامر عزیز‘ سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان‘ چیف آفیسرز سردار نصیر‘ نعیم اللہ وڑائچ‘ میڈم بازلہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی جی والڈ سٹی گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول ریل بازار‘ مندر بیرون جھنگ بازار‘ قلعہ گفٹ فنڈ ٹرسٹ ضلع کچہری‘ علامہ اقبال لائبریری‘ ضلع کونسل‘ مسلم ہائی سکول طارق آباد‘ خالصہ کالج مدینہ ٹاؤن‘ حویلی بھگت سنگھ اور دیگر تاریخی مقامات پر گئے اور وہاں مختلف پہلوؤں سے عمارتوں و حصوں کی حقیقی وجاہت کو بحال اور محفوظ کرنے کے ضروری امور زیر بحث آئے۔ ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی نے کہا کہ تاریخی و ثقافتی ورثے کی دیکھ بھال کا مقصد خطے کی تہذیب و تمدن کو محفوظ بنانا ہے۔ اس سلسلے میں فیصل آباد (سابقہ لائل پور) بھی تاریخی و ثقافتی اہمیت کا حامل ہے جس میں تاریخی و روحانی شخصیات کی یادگاروں اور دیگر ثقافتی ورثہ کا پائیدار بنیادوں پر تحفظ بے حد ضروری ہے۔ اسی سلسلے میں فیصل آباد کا دورہ کرکے تاریخی و یادگار عمارتوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی ورثہ کسی بھی علاقے کی تاریخی شناخت اور طرز زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔آئندہ نسلوں کو اپنی تہذیبی جڑوں سے آشنا کرنے کے لئے فیصل آباد کی تاریخی عمارتوں‘ مقامات و دیگر ثقافتی نشانیوں کی حقیقی شکل میں بحالی اور تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور اس میں لائلپور سے پیار کرنے والوں کی گہری دلچسپی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے جنگ آزادی کے ہیرو سردار بھگت سنگھ کی حویلی کا دورہ کرکے حویلی مالک کی طرف سے اس کی شناخت برقرار رکھنے کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے حویلی کی ری ڈیزائنگ اور عمارت کو خوش شکل بنانے کے لئے اردگرد کے علاقے کو بھی احاطہ میں شامل کرنے کی تجویز دی جبکہ دیگر تاریخی و ثقافتی عمارتوں کی بحالی و تحفظ کے لئے طریقہ کار‘ ڈیزائنگ کے حوالے سے دیگر تجاویز پر غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ لائلپور کی تاریخ و ثقافت کو اجاگر کرنے کی سرگرمیوں کو جاری رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں سماجی شعبے بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لائل پور ہیٹریٹج فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بھی ثقافتی و تاریخی ورثہ کی مختلف عمارتوں و یادگاروں کی تعمیراتی بحالی‘ تحفظ اور آرائش کے منصوبوں پر کام کیا گیا تھا جسے مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے آگے بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ثقافتی ورثہ کی حفاظت اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں میں مقامی صنعتکاروں اور ثقافتی ورثہ سے محبت کرنے والے شہریوں کی شمولیت قابل ستائش ہے جن کی معاونت سے ثقافتی ورثہ کا تحفظ کریں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button