فیصل آباد: تحصیل سٹی کا نام تحصیل لائل پور اور تحصیل صدر کا نام تحصیل ساندل کی سمری مجاز اتھارٹے کو ارسال


فیصل آباد (94 نیوز) کمشنرفیصل آبادڈاکٹر عمران حامد شیخ نے فیصل آباد کی تحصیل سٹی اور صدر کے تاریخی نام کی بحالی کے لئے مراسلہ جاری کردیا۔ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ کلکٹر کے نام مراسلہ میں تحصیل سٹی کا نام تحصیل لائلپور اور تحصیل صدر کا نام تحصیل ساندل رکھنے کے لئے ایجنڈاضلعی رابطہ کمیٹی میں پیش کرنے اورعوامی رائے کے بعد سمری مجاز اتھارٹی کو ارسال کرنے کا کہا گیا ہے۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ تحصیل سٹی اور صدر کے تاریخی نام بحال کرنے سے نہ صرف عوامی پذیرائی ہوگی بلکہ علاقے اپنے ماضی اور اصل شناخت سے جڑ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لائلپور کے نام سے اہلیان فیصل آباد کی جذباتی وابستگی ہے۔شہر میں دکانیں،تجارتی مراکز،ہوٹلز،ریسٹورنٹس، تعلیمی ادارے لائلپور کے نام سے منسوب ہیں جبکہ ساندل بار دیہی علاقہ کی اصل تہذیبی،زرعی اور جغرافیائی شناخت ہے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل سٹی سے تعلق رکھنے والے بزرگ افراد ملاقات کے دوران فیصل آباد کو لائلپور کہہ کر ہی مخاطب کرتے ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد 1896ء سے 1904ء تک ضلع جھنگ کی ایک تحصیل اور اسکا نام لائلپور تھا،1904ء میں ضلع کا درجہ ملنے کے بعد اس کا نام لائلپور رکھا گیا اور اس ضلع کی صدر مقام تحصیل کا نام لائلپور ہی برقرار رہا۔1979ء میں ضلع اور اسکی صدر مقام تحصیل کا نام تبدیل کرکے فیصل آباد رکھ دیا گیا۔بعدازاں تحصیل فیصل آباد کو2 حصوں میں تقسیم کرکے نام تحصیل سٹی اورتحصیل صدر رکھ دیا گیا۔



