تعلیم پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی


پیر(94 نیوز اختر خان) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، معیاری تعلیم کی فراہمی اور شرحِ خواندگی میں اضافے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک گاؤں میں تعلیمی میدان میں ہونے والی پیش رفت پورے پنجاب اور پاکستان کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔ انہوں نے یہ گفتگو گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 689/31 میں منعقدہ سالانہ سپورٹس تقریب اور تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ملک میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، جبکہ مذکورہ گاؤں میں سو فیصد بچوں کا سکولوں میں داخلہ اور طلبہ کے تقریباً 95 فیصد امتحانی نتائج مقامی کمیونٹی کی مشترکہ کاوشوں کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے بریگیڈیئر (ر) محمد سلیم کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے گاؤں کے بچوں کی تعلیم کے لیے ان کی عملی جدوجہد قابلِ ذکر ہے۔ صاحبِ ثروت افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقوں میں تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے آگے آئیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم تعلیمی ترقی کے لیے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری اور تعاون ناگزیر ہے۔
تقریب میں رانا محمد جاوید اقبال، سابق رکن صوبائی اسمبلی عبداللہ وینس، بریگیڈیئر (ر) محمد سلیم، کرنل (ر) شعیب حیات، اساتذہ، طلبہ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔



