فیصل آباد:72 سکولوں کی ٹیموں کے طلبا و طالبات میں ہاکی کٹس تقسیم


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اورمشیر وزیراعظم پاکستان برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کی ہدایات پر قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نئی نسل کو ہاکی کے میدان میں آگے لانے کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں۔اس سلسلے میں ہاکی سٹیڈیم فیصل آباد میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں رکن صوبائی اسمبلی رانا احمد شہریار نے فیصل آباد ڈویژن کے 72 سکولوں کی ٹیموں کے طلبا و طالبات میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔تقریب میں ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصرعباس رند،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل عمر،ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ایم پی اے رانا احمد شہریار نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر فیصل آباد ڈویژن کے عوام اور نوجوانوں کے لئے ہاکی کی بحالی کا مشن جاری رکھا جائے گا۔ ڈویژن کے سکولوں کے مابین ہاکی مقابلے منعقد جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اسلام آباد میں منعقدہ ایونٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لئے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پورے پاکستان کے لئے پورٹل قائم کیا گیا ہے جہاں کھیلوں بالخصوص ہاکی سے متعلق ضروریات کے لئے میرٹ پر درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔صدر ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اشتراک سے ملک بھر میں سکول ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت 800 سے زائد سکولوں میں جدید ہاکی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ پروگرام میں نرسری لیول سے انڈر15 کھلاڑیوں کی تیاری پر توجہ دی جا رہی ہے جبکہ اس اقدام میں 50 فیصد بچیوں کی شمولیت بھی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تسلسل کے فقدان کے باعث قومی کھیل کو نقصان پہنچا تاہم اب مربوط حکمت عملی کے تحت ہاکی کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ آئندہ ایک سے دو سال میں ہاکی کے میدان میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔تقریب میں بتایا گیا کہ فیصل آباد ہاکی سٹیڈیم میں نئی آسٹرو ٹرف بھی جلد بچھائی جائے گی اور آئندہ چھ ماہ میں گراؤنڈ کو فعال کر دیا جائے گا۔



