رمضان المبارک کے دوران مساجد اور نگہبان بازاروں کے سامنے پانی کھڑا نہیں ہونا چاہئے، ایم ڈی واسا


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد اور نگہبان بازاروں کے سامنے پانی کھڑا نہیں ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں آپریشنز افسران سٹاف کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں جو عوامی مقامات کی خصوصی مانیٹرنگ کریں۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو نکاسی اور فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنا اولین مشن ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ شہر بھر میں کسی بھی مساجد اور نگہبان بازاروں سمیت دیگر عوامی مقامات پر کسی قسم کا پانی جمع نہیں ہونا چاہئے بصورت دیگر متعلقہ آفیسر اور سٹاف کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ماہ صیام میں شکایت کے فوری ازالہ کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور کسی بھی شکایت کے ازالے کا وقت مقرر کردہ ٹائم فریم سے زائد نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ او اینڈ ایم ڈائریکٹرز اپنے ماتحت افسران اور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں اور فیلڈ وزٹ کریں تاکہ سٹاف کی کارکردگی میں کسی قسم کی کوئی واقع نہ ہو۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز پر کیمرے انسٹال اور سکیورٹی گارڈز لازمی تعینات کئے جائیں اور اگر کسی ڈسپوزل اسٹیشن پر کوئی چوری کا واقعہ سامنے آیا تو او اینڈ ایم اور ایڈمنسٹریشن افسران ذمہ دار ہونگے۔



