علامہ محمد اقبالؒ کے افکار و نظریات موجودہ اور آنیوالی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں، ڈاکٹر آصف اعوان


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) مفکرِ اسلام اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے افکار و نظریات اور طرز زندگی موجودہ اور آنیوالی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں. علامہ اقبال نے خودی،ایمان،عمل اور اتحاد کا درس دیا۔انہوں نے اپنے کلام اور شاعری سے نوجوان نسل کو ضابطہ حیات دیا اور اقوام عالم میں ترقی کے لئے فلسفہ پیش کیا.
اقبالؒ نے نوجوانوں کو بلند حوصلے،خود اعتمادی اور ملتِ اسلامیہ کی سربلندی کا بھی پیغام دیا۔شاعر مشرق کے بتائے اصولوں اور سبق آموز تحریروں پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کی ترقی اور ایک مضبوط قوم بنا سکتے ہیں. آنیوالی نسلوں کو اقبال کے فلسفہ کو بھلانے کی بجائے اپنانا ہوگا اسی میں ملک وقوم کی ترقی ہے۔ یہ اظہار مقررین نے ” فیصل آباد کالج آف لاء” میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے حوالہ سے فکری نشست و اقبال ڈے سےمتعلقہ ادارہ ھذا میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتےہوئے کیا. تقریب کے مہمان خصوصی ماہر اقبالیات معروف سکالر پروفیسر ڈاکٹر آصف اعوان تھے. کالج ڈائریکٹرز مشتاق احمد خاں، میاں عامر یوسف ،فیکلٹی ممبران میاں منصور،مس انفال حسان،نوید اختر سمیت طلبہ،اساتذہ اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی. مہمان خصوصی ڈاکٹر آصف اعوان نے خطاب کرتےہوئے تصانیف اقبال اور شاعر مشرق کی شاعری، فکر اور ان کے فلسفہ پر روشنی ڈالی. انہوں کہا علامہ محمد اقبال ایک عظیم شخصیت تھے جنہوں نے پاکستان جیسی عظیم اسلامی ریاست کا خواب دیکھا اور اس کو عملی جامعہ پہنایا انہوں نے قوم کی ترقی ،آگے بڑھنے کی سوچ، فکر اور راستوں کا کئی سال پہلے تعین کردیا. دیگر مقررین نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان کے خوابوں کی تعبیر پاکستان کو علم،محنت اور دیانت سے ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنائیں۔انہوں نے زور دیا کہ نوجوان نسل اقبالؒ کے پیغام کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور وطنِ عزیز کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں. شرکاء نے اقبالؒ کے خوابوں کے مطابق ایک باوقار،خوشحال اور مضبوط ملک بنانے عزم کا اعادہ کیا اور ملک پاکستان کی ترقی ،خوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا.



