جی سی ویمن یونیورسٹی میں المنائی ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب


فیصل آباد (94 نیوز میاں ندیم احمد) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں نئی تشکیل شدہ المنائی ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب اور سالانہ عشائیے کا جناح آڈیٹوریم میں انعقاد ہوا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغۂ امتیاز) نے کی، جبکہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں رکنِ سینڈیکیٹ و رکنِ صوبائی اسمبلی قدسیہ بتول سمیت متعدد معزز مہمانان، اساتذہ اور فارغ التحصیل طالبات نے شرکت کی۔ یہ پروگرام المنائی ایسوسی ایشن کی بحالی کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس کی سربراہی پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ثمین نے کی۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر سائرہ اور ڈاکٹر صدف کی جانب سے ایسوسی ایشن کے مقاصد اور ڈھانچے پر مختصر پریزنٹیشن سے ہوا۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ:“المنائی ایسوسی ایشن فارغ التحصیل طالبات اور جامعہ کے درمیان ایک زندہ رشتہ ہے۔ یہ پلیٹ فارم پیشہ ورانہ روابط، رہنمائی اور باہمی تعاون کو فروغ دے گا، تاکہ ہماری فارغ التحصیل طالبات جامعہ کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں اور اپنے مادرِ علمی سے وابستہ رہیں۔”
مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ جی سی ڈبلیو یو ایف کی قیادت کا یہ اقدام قابلِ ستائش ہے جو سابقہ اور موجودہ طالبات کے درمیان علمی و پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔
قدسیہ بتول نے بھی کہا کہ فعال المنائی نیٹ ورک خواتین کی پیشہ ورانہ رہنمائی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی (صدر)، پروفیسر شاہدہ رائے (سینئر نائب صدر)، پروفیسر ڈاکٹر عفاف ابراہیم (نائب صدر) اور ڈاکٹر سائرہ اختر (جنرل سیکریٹری) نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کنول امین کو اس مثبت اقدام پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر پُرکیف قوالی نائٹ اور پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جہاں فارغ التحصیل طالبات نے اپنے اساتذہ اور ساتھیوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارے اور جامعہ کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کے عزم کو دہرایا۔



