قومی

ریڈیو پاکستان فیصل آباد بجٹ کی کمی کا شکار، پروگرام متاثر ہونے کا خدشہ، حکومت توجہ دے۔ عوامی حلقے

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ریڈیو پاکستان فیصل آباد کو پروگرام بجٹ کی شدید کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث قومی ادارے کی نشریاتی سرگرمیاں اور تخلیقی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔یہ بات انجمن شہریاں فیصل آباد کے مرکزی رہنما حامد سلطان، چوہدری محمد سلیم،حاجی فیاض محمد، میاں محمد طفیل و دیگر نے روزنامہ سحر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد جو کہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے اور صنعتی مرکز بھی مانا جاتا ہے،اور سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے لیکن ریڈیو پاکستان نہ صرف جدت (modernization) سے محروم ہے بلکہ بجٹ کی کمی کا بھی شکار ہے۔ یہ ایک اہم اور قابلِ غور سوال ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان حکومت کا ترجمان ہے اور فیصل آباد اسٹیشن بہترین پروگرام پیش کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے لیکن حکومت کی طرف سے فیصل آباد کے ریڈیو اسٹیشن کے پروگرام بجٹ کو کٹ لگانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ جس سے پروگراموں کی نہ صرف کارکردگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ حکومت مخالف میڈیا کو جگہ مل رہی ہے جس سے منفی پراپیگنڈہ زور پکڑ سکتا ہے۔ ریڈیو پاکستان فیصل آباد صبح سے شام تک سماجی، حالات حاضرہ، معاشرتی،اصلاحی، اسلامی، زرعی، علمی و ادبی، معلوماتی اور تفریحی پروگرام نشر کرتا ہے لیکن اسکے پرانے ٹرانسمیٹرکی وجہ سے سامعین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حالانکہ ریڈیو پاکستان فیصل آباد کے کمپئیرز، اناؤنسرز، پروڈیوسرزو دیگر عملہ نے محنت کرکے لوگوں کو ایک بار پھر ریڈیو کی جانب متوجہ کردیا ہے۔ لیکن حکومت عدم توجہی کے باعث پروگرام کی پرفارمنس مانند پڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس سوشل میڈیا کے دور میں بھی ریڈیو کی ٹیم نے ریڈیو کو زندہ رکھا ہو ا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی پالیسی میں ترجیحات کی کمی ہو گئی ہے۔ریڈیو پاکستان کی مرکزی پالیسی میں بڑے شہروں جیسے لاہور، اسلام آباد، اور کراچی کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔فیصل آباد چونکہ سیاسی یا انتظامی مرکز نہیں ہے، اس لیے جدت کے منصوبے یہاں دیر سے پہنچتے ہیں۔ریڈیو پاکستان کا ادارہ کئی سالوں سے مالی بحران کا شکار ہے۔بجٹ کی کمی کی وجہ سے ریڈیوا سٹیشن پر جدید ٹیکنالوجی، آلات یا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں سرمایہ کاری نہیں کی جاتی۔فیصل آباد چونکہ ایک ”ریجنل” اسٹیشن سمجھا جاتا ہے، اس لیے فنڈنگ ترجیحاً مرکز کو دی جاتی ہے۔اگر مقامی سطح پر انتظامیہ فعال نہ ہو یا جدت کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی نہ کرے اور بجٹ کی کمی ہو تو ترقی رک جاتی ہے۔سوشل میڈیا کی وجہ سے ریڈیو کی ساکھ اور سامعین میں عمومی طور پر کمی آئی ہے، خاص طور پر نوجوان نسل میں۔فیصل آباد جیسے شہروں میں یوٹیوب، پوڈکاسٹ، اور سوشل میڈیا نے ریڈیو کی جگہ لی ہے، جس کی وجہ سے حکام شاید ریڈیو کو اپ گریڈ کرنے کو ترجیح نہیں دیتے۔لیکن ریڈیو کی پوری ٹیم نے سوشل میڈیا کی موجودگی میں ریڈیو کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ہم حکومت اور وزارتِ اطلاعات سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فیصل آباد کے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ منظور کرے۔اور پروگرام کیلئے بجٹ میں کٹ لگانے کی بجائے بجٹ کو بڑھایا جائے اور ریڈیو کی عمارت کو بھی خوبصورت کیا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button