الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی جماعت عوام پاکستان پارٹی کو انتخابی نشان الاٹ کردیا


اسلام آباد(94 نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شاہد خاقان عباسی کی جماعت عوام پاکستان پارٹی کے انتخابی نشان کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کوانتخابی نشان گھڑیال الاٹ کردیا ہے، اس حوالے سے عوام پاکستان پارٹی نے انٹرا پارٹی انتخابات کے نتائج الیکشن کمیشن میں جمع کروائے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم کرلیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی عوام پاکستان کے کنوینر ہیں اور مفتاح اسماعیل عوام پاکستان کے سیکریٹری جنرل ہیں، ان کی جماعت کے علاوہ 6 نئی سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں جو 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہوئیں، 2024ء میں رجسٹرڈ ہونے والی پارٹیوں میں بلوچستان قومی اتحاد، پاکستان عوامی قوت، پاکستان خدمت خلق لیگ، ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان اور پختونخواعوامی نیشنل پارٹی شامل ہیں جب کہ 2025ء میں پہلی سیاسی جماعت عوام پاکستان پارٹی کو الیکشن کمیشن نے رجسٹر کیا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈسیاسی جماعتوں کی تعداد 168 ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بننے والی پاکستان کی نئی جماعت عوام پاکستان پارٹی نے اپنا 40 صفحات پر مشتمل منشور جاری کیا، جس میں پاکستان عوام پارٹی نے ملکی مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کا خاکہ پیش کیا، پاکستان عوام پارٹی نے منشور میں ہم سب کا پاکستان ، بچوں اور نوجوانوں کا مستقبل، صحت، معاشی خودمختاری، عدل و انصاف کا قیام، امن و امان، زراعت و غذائی تحفظ، پانی کے ذخائر اور پائیدار توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی، خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی، موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد مسائل پر قابو پانے کے لیے اپنا وژن پیش کیا۔



