قومی

ایف ڈی اے سٹی میں کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول/کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا

فیصل آباد (94 نیوز) ایف ڈی اے سٹی میں ڈویژنل پبلک سکول/کالج کے کیمپس کے قیام کیلئے دومنزلہ جدید ائرکنڈیشنڈ بلڈنگ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے جسکی تکمیل پر بیس کروڑ روپے سے زائد فنڈز خرچ ہوں گے۔ آٹھ کنال رقبہ پر مشتمل یہ خوبصورت عمارت ایف ڈی اے کے شعبہ انجینئرنگ کی زیر نگرانی مکمل کی جائیگی جس کے لئے شفاف انداز میں ای ٹینڈرننگ کارروائی مکمل کرنے کے بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔

کمشنرفیصل آباد سلوت سعید نے یوم آزادی کے تاریخی و یادگار دن کے موقع پر ڈی پی ایس کیمپس کی عمارت کی تعمیر کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور اینٹ لگا کر سنگ بنیاد رکھا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری بھی کمشنر کے ہمراہ تھے ۔ جبکہ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہرایوب نے بلڈنگ کی تصریحات اور منصوبے پر عملدرآمد کی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی ۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصور خاں نیازی ،ایڈیشنل کمشنر آصف حیات، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر عابد سیال ، ڈائریکٹر فنانس ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر سلوت سعید نے ایف ڈی اے سمیت تمام افسران کوجدید ترین عمارت کی تعمیر کے آغاز پر مبارک باد دی اور کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ باکفایت اخراجات میں معیاری اور بامقصد تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اس مقصد کیلئے مختلف علاقوں میں پبلک سکولوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈی پی ایس کی اس جدید ترین عمارت کی بدولت طالب علموں کو باسہولت، آرام دہ اور پُرسکون تعلیمی ماحول میسر آئیگا جو ان کی علمی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس کیمپس میں مزید توسیع کرکے اسے کالج کی سطح پر لائیں گے تاکہ طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں۔ کمشنر نے کہا کہ اس کیمپس کے قیام سے قریبی رہائشی کالونیوں کے بچوں کو ان کی دہلیز پر معیاری تعلیمی سہولتیں میسر آئینگی اور تعلیمی ترقی کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ کے اہم مقاصد پورے ہوں گے۔ انہوں نے عمارت کے تعمیراتی مراحل کی مکمل نگرانی کرنے اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کے اعلیٰ تعمیراتی معیار کو مثالی اور فن تعمیر کا شاہکار ہونا چاہئے۔ بریفنگ کے دوران کمشنر کو بتایا گیا کہ اس کیمپس کی بلڈنگ گرائونڈ اور فرسٹ فلورز سمیت مجموعی طور پر چودہ کلاس رومز ، چار جدید آئی ٹی لیب دو کامن رومز ،کثیر المقاصد ہال، کانفرنس روم، سٹور روم ڈسپنسری، ڈے کیئر سنٹر,30 واش رومز اور خوشنما لان پر مشتمل ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے یوم آزادی کے تاریخی موقع پر سنگ بنیاد رکھنے پر کمشنر سلوت سعید کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ یادگار لمحہ اس پرشکوہ عمارت کی تاریخ کا اہم حصہ ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ تعمیراتی معیار کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اس مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنےکی کوشش کرینگے تاکہ یہ خوبصورت عمارت تعلیمی سرگرمیوں کیلئے جلد دستیاب ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی پی ایس کیمپس کا قیام ایف ڈی اے سٹی کی مزید ترقی میں ہم سنگ میل ثابت ہوگا جسکی بدولت اس رہائشی سکیم کی رونقیں بڑھیں گی۔ اس موقع پر وطن عزیزکی ترقی و خوشحالی ،خیروبرکت اور منصوبے کی احسن تکمیل کی دعا کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button