ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں جشن آزادی سپورٹس گالا جاری، پہلے روز باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، سوئمنگ، سنوکر، سکوائش کے مقابلے ہوئے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام تین روزہ جشن آزادی سپورٹس گالا ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے۔ گزشتہ روز سپورٹس کمپلیکس کے مرد و خواتین ممبرز اور مختلف مقامی کلبز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے مابین باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، سوئمنگ، سنوکر، سکوائش اور دیگر کھیلوں کے پولز اور سیمی فائنل مقابلے منعقد ہوئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مختلف کورٹس میں کھیلوں کے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کے فن و صلاحیتوں کو داد دی۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں، مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہر کے دیگر کلبز کے نمائندہ کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہری ترقی کے ساتھ ساتھ ایف ڈی اے کی طرف سے مختلف کھیلوں کی ترویج و ترقی پر بھی توجہ مرکوز ہے تاکہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکیں اس سلسلے میں مختلف کھیلوں کی سرپرستی اور قومی سطح کے ایونٹس کے انعقاد میں معاونت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ایف ڈی اے سٹی میں اعلیٰ معیار کی سہولیات پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کا قیام کھیلوں کے شعبہ میں گرانقدر اضافہ ہے جسکی تکمیل اور انتظام و انصرام کا اعزاز ایف ڈی اے کے حصے میں آیا جسے مستحکم و منظم خطوط پر چلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کے ممبرز کو ان ڈور کھیلوں اور تفریح طبع کی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کی تربیت کے لئے ماہر کوچز کی خدمات بھی دستیاب ہیں جس کی بدولت توانا وتندرست جسم کے مقاصد کے ساتھ وہ مختلف کھیلوں میں بھی بھرپور صلاحیتں حاصل کریں گے۔ انہوں نے کمشنر فیصل آباد/ چیئرپرسن مینجمنٹ کمیٹی سلوت سعید کی معاونت اور راہنمائی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کو حقیقی معنوں میں فیملی کلب بنایا جائے گا۔ مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال نے سپورٹس گالا کے مقابلوں کے شیڈول اور اس پر عمل درآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سپورٹس گالا میں چناب کلب، منروا کلب، سرکل کلب، کریسنٹ سپورٹس کلب ودیگر کلبز کے مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔



