اسٹیبلشمنٹ کا پلان ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نہیں آنے دینا، پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا الزام


اسلام آباد (94 نیوز) پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا پلان ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نہیں آنے دینا۔
رؤف حسن نے کہا کہ نیب ترمیم کیس سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے خط لکھا ہے، ہم نے کئی بارکہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے ہمیں انصاف نہیں ملے گا، ہم نے کئی بار کہا کہ یہ تحریک انصاف کے کیسز سے الگ ہوجائیں۔ خط میں بانی پی ٹی آئی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کو ہمارے کسی کیس کا حصہ نہیں ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے مجبور ہو کر یہ خط لکھا ہے، اب ہم نے دیکھنا ہے قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس عامرفاروق خود کو کیسز سے الگ کرتے ہیں یا نہیں؟
انہوں نے کہا کہ عدت کیس کا فیصلہ آرہا تھا جج پر پریشر ڈال کر اس کو کیس سے الگ کروا دیا گیا، بانی پی ٹی آئی اصولوں پر ڈٹے ہوئے ہیں، کچھ بھی ہو جائے عمران خان نہیں جھکے گا، عدالتیں پریشر کے بجائے انصاف پر مبنی فیصلے کریں، پاکستان اس وقت تباہی کے دہانے کھڑا ہے۔ توہین عدالت میں مجھے بلایا جائے، جسٹس عامرفاروق کے سامنے سچ بولوں گا، اگر یہ بینچز سے خود کو الگ نہیں کرتے تو پھر ہماری لیگل ٹیم فیصلہ کرے گی۔



