قومی

ایف ڈی اے ون ونڈو سے شہریوں کے مسائل تیزی سے حل ہورہے

فیصل آباد (94 نیوز) ایف ڈی اے کے ون ونڈو کاؤنٹر کے ذریعے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 1286درخواست گزاروں کو محکمانہ امور کے بارے میں ریلیف فراہم کیاگیا جس میں ماہ جون کے دوران نمٹائی جانیوالی 276 درخواستیں بھی شامل ہیں۔ یہ بات ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ماہ جنوری سے جون 2024 تک ون ونڈو کاؤنٹر کے ذریعے سروس ڈیلیوری کیلئے مختلف شعبہ جاتی امور کے بارے موصول کردہ درخواستوں پر تیزرفتار محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے متعلقہ 784 درخواستوں، شعبہ ٹاؤن پلاننگ ون کی 429، شعبہ کچی آبادی کی 35۔اور شعبہ ٹاؤن پلاننگiiسے متعلقہ کام کے حوالے سے 38 درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیاگیا ان میں ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی آبادیوں و کمرشل مارکیٹس کی جائیدادوں کی منتقلی کی درخواستیں، تکمیلی نقشہ جات، مختلف این او سی، اونر شپ سرٹیفکیٹس، ٹاؤن پلاننگ رپورٹس کے اجراء، بلڈنگ پلان کی منظوری،ہاؤسنگ سکیموں سے متعلقہ امور اور شہریوں کی دیگر درخواستیں شامل ہیں۔دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ہمہ نوعیت کی جدت کے ذریعے ون ونڈو کاؤنٹر کی سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیاجائے تاکہ ایف ڈی اے کی کارکردگی پر شہریوں کا اعتماد مضبوط ہو۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی شعبہ میں شہریوں کی کوئی درخواست بلاجواز زیرالتواء نہیں ہونی چاہئے اس ضمن میں نیک نیتی کے ساتھ تیز رفتار محکمانہ فرائض انجام دیئے جائیں تاکہ درخواست گزار کو باربار چکرنہ لگانا پڑیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ کسی فائل میں کوئی قانونی سقم، دستاویزات کی کمی یامحکمانہ پالیسی کے برخلاف امور ہونے پر درخواست گزار کو بروقت آگاہ کر دیا جائے۔ انہوں نے دیانتداری، محنت اور مستعدی سے فرائض کی انجام کی تاکید کی اور کہاکہ شہری کی جائز شکایت پرمتعلقہ اہلکار کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ڈائریکٹر جنر ل نے تمام شعبوں کے انچارج افسران سے کہا کہ وہ اپنے ماتحت سٹاف کی کارکردگی کی سخت ترین مانیٹرنگ کریں اور ان کے دفتری کام کا روزانہ جائزہ لیں تاکہ کوئی فائل زیر التواء نہ رہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button