15 سے27 ستمبر تک پہلی بار سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے


فیصل آباد (94 نیوز نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب کی سرپرستی میں عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف کے تعاون سے15 سے27 ستمبر تک پہلی بار سرویکل کینسر سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت 9 سے 14 سال کی بچیوں کو HPV ویکسین لگائی جائے گی۔یہ بات سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہبازاحمد نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس الحمرا ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران بتائی۔اس موقع پر کوارڈینیٹر ٹو منسٹر ہیلتھ جنید عظمت بٹ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عدنان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عبّاس کھچی ،ڈی ڈی ایچ او ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر عظیمارشد ،ڈاکٹر مدثر سلیم، ڈی ۔ایس ۔وی اسد نیازی ،میڈم شہناز،ڈبلیو ایچ او،یو نیسیف کے علاوہ علماء کرام،پشتون نمائندگان، میڈیا ورکرز اور یوسی ایم اوز بھی موجود تھے۔ڈاکٹر شہباز نے بتایا کہ سرویکل کینسر(بچہ دانی کا کینسر)سے بچاؤکی ویکسین پہلی بار پاکستان میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو لگائی جائے گی جوکہ کینسر کے خلاف پہلی ویکسین ہے جس کی بدولت خواتین اس موذی مرض سے چھٹکارا پاکرخوشگوار زندگی کی طرف لوٹ سکیں گی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس نے کہا کہ پاکستان دنیا کا148واں ملک بن گیا ہے جہاں یہ ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔سرویکل کینسر کے باعث ملک میں ہر سال 3 ہزار سے زائد خواتین جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔یہ کینسر کے خلاف پہلی ویکسین ہے جو کم عمر بچیوں کو مستقبل میں اس مہلک مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ471 ٹیمیں یونین کونسل، سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر مقامات پر ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کریں گی۔ڈاکٹر شہناز نے کہا کہ مہم کا مرکزی پیغام ”صحت مند بیٹی، صحت مند گھرانہ” دیا گیا ہے تاکہ والدین اپنی بچیوں کو اس ویکسین کے ذریعے محفوظ مستقبل فراہم کریں۔



