حلقہ این اے 154 لودھراں کی دوبارہ گنتی، ن لیگ کے عبدالرحمن خان کانجو کامیاب، پی ٹی آئی کی ایک سیٹ اور کم ہوگئی


لودھراں (94نیوز) جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد بھی پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی، تحریک انصاف کے امیدوار کے 14 ہزار ووٹ مسترد، الیکشن کمیشن نے این اے 154 میں ن لیگ کی فتح کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 لودھراں I سے دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس حلقہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالرحمن خان کانجو ایک لاکھ 27 ہزار 984 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون ایک لاکھ 20 ہزار 683 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
اس حلقہ میں 20 ہزار 816 ووٹ مسترد ہوئے۔ اس سے قبل 16 فروری کو الیکشن کمیشن نے اس حلقے سے تحریک انصاف کے آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون کی فتح کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون 1 لاکھ 34 ہزار 937 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان کانجو 1 لاکھ 28 ہزار 438 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔



