قومی

کورونا کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، پاکستان میں شرح تقریباً 8 فیصد

اسلام آباد (94 نیوز) سیاسی جلسوں، مارکیٹوں، پارکس و دیگر مقامات پرسماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر تقریباً 8 فی صد ہو گئی۔

پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں ایک بار پھر کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 119 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 44 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 7 ہزار 20 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 133 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 56 ہزار 952 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 898 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 35 ہزار 742 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار 764 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 لاکھ 83 ہزار 616 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 62 لاکھ 48 ہزار 235 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 71 ہزار 762 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 5 ہزار 860 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 54 ہزار 312 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 978 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار 400 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 428 ہو گئیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button