DG FDA Muhammad Asif Chaudhry meeting with citizens under open door policy


Faisalabad (94 News City Reporter) Director General Faisalabad Development Authority (FDA) محمد آصف چوہدری نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مختلف مسائل، شکایات اور درخواستوں کو تفصیل سے سنا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں نے نقشہ جات، کمرشلائزیشن، جائیداد، ہاؤسنگ سکیموں اور ایف ڈی اے سے متعلقہ دیگر امور کے بارے میں اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری نے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق حل کیا جائے اور ہر درخواست پر مقررہ مدت کے اندر پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر، پیچیدگی یا مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے حوالے سے مکمل احتیاط کریں اور کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ خریدنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت، منظوری اور متعلقہ ریکارڈ ایف ڈی اے سے لازماً چیک کر لیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات، ناجائز قابضین اور تجاوزات کے خلاف شہریوں کی نشاندہی پر فوری، مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے میں شہریوں کے جائز مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں اور ہر شہری کو اپنی شکایت یا مسئلہ براہِ راست پیش کرنے کا حق حاصل ہے۔
محمد آصف چوہدری نے مزید کہا کہ ایف ڈی اے میں شفاف اور عوام دوست دفتری نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے معاملات کے سلسلے میں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ جدید ٹیکنالوجی، ای فائلنگ اور دیگر سہولیات کے ذریعے سرکاری امور کو مزید آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے شہریوں کے اعتماد پر پورا اترنے، شفافیت کو فروغ دینے اور قانون کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔//۔۔۔۔۔۔۔۔۔



