قومی

بورسٹل جیل میں پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے حسن لمیٹڈ کے تعاون کیساتھ قیدی بچوں میں جرسیاں اور پیزے تقسیم کئے،

فیصل آباد (94 نیوز) بورسٹل جیل (بورسٹل جووینائل انسٹیٹیوٹ میں پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے تمام قیدی بچوں کو جرسیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ویلفئیر سوسائٹی نے بچوں کیلئے پیزا پارٹی کا بھی اہتمام کیا جس سے بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی انہوں نے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کی عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق بورسٹل جیل میں قائم پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی گزشتہ تین ماہ سے قیدی بچوں کیلئے مختلف سرگرمیاں کررہی ہے۔ جس میں قیدی بچوں کیلئے کمبلوں کی تقسیم، گرم کپڑے، جوتے، کھانا اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے سردی کے موسم میں حسن لمیٹڈ کے تعاون کیساتھ بچوں میں جرسیاں تقسیم کیں اور پیزا پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اسد طارق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال صوفیہ رضوان، مسز حنا اسلم، میاں ندیم، میاں حمزہ اور ناصر محمود ایڈمن مینجر حسن لمیٹڈ بھی موجود تھے۔ سپرنٹنڈنٹ ملک آصف نے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سردی کے شدید موسم میں بچوں کیلئے جرسیوں کا انتظام کرنا بہت بڑی نیکی ہے اور گزشتہ تین ماہ سے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی قیدی بچوں کیلئے بہترین اقدامات کررہی ہے جو قابل ستائش ہیں۔ مخیر حضرات کے تعاون کیساتھ ان بچوں کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے گا تاکہ یہ بھی معاشرے کے ذمہ دار افراد بن سکیں اور جرم سے نفرت کریں، اس موقع پر صوفیہ رضوان نے کہا کہ حکومت پنجاب کا SERC پراجیکٹ ان بچوں کی فلاح ہوبہبود کیلئے ہے۔اور ہم پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کی تعاون کیساتھ بہت سارے اقدامات تھوڑے ہی عرصہ میں کرچکے ہیں اور مزید کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صوفیہ رضوان نے کہا جیسے ہی ہمیں جیل میں دفتر مل جائے گا مزید اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو ایک خاص مینیو اور جیل مینوئیل کے تحت کھانا دیا جاتا ہے ہم نے سپرنٹنڈنٹ کے تعاون کیساتھ بچوں کی مرضی شامل کرکے پیزا پارٹی کا اہتمام کیا جس سے بچے بہت خوش ہوئے۔ ناصر محمودایڈمن مینجر نے کہا کہ ہمیں بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم ایسے بچوں کیلئے فلاحی کام کررہے ہیں جن کو معاشرہ اچھی نگاہ سے نہیں دیکھتا۔ اگر انکی تربیت کی جائے اور انکا ساتھ دیا جائے تو یہی بچے سدھر سکتے ہیں اور معاشرے کے اہم اور ذمہ دار افراد بن سکتے ہیں۔ ان سے جانے انجانے میں ہونے والی غلطیاں آج انکے لئے پشیمانی کا سبب بنی ہوئی ہیں، اور ہم کئی بچوں کو دیکھ رہے ہیں جو اپنی غلطیوں پر نادم بھی ہیں اور پریشان بھی ہیں۔ میاں ندیم نائب صدر پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے کہا کہ یہ بچے بھی کسی کی اولاد ہیں کسی کے بھائی ہیں کسی کے گھر کا سہارا ہیں لیکن غلط دوستوں کی وجہ سے یا گھر کے کٹھن ماحول نے ان بچوں کو جیل دیکھنے پر مجبور کردیا۔ یہ انکے تعلیم حاصل کرنے، کھیلنے کودنے کی عمر ہے لیکن آج یہ بچے مجرم کے طور پر یہاں زندگی گزار رہے ہیں۔ لیکن پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی جیل انتظامیہ کی تعاون کیساتھ انکی ذہنی نشوونما، کردار سازی، ذہن سازی کیلئے ٹریننگ ورکشاپس کا بھی اہتمام کریگی، اور یہی بچے جلد رہائی کے بعد اچھے شہری بن کر نکلیں گے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اسد طارق نے کہا کہ ہمارے بھی بچے ہیں ہم انکے ساتھ اپنے بچوں جیسا سلوک کرتے ہیں تاکہ ان کے دلوں میں کسی قسم کی نفرت کا عنصر نہ شامل ہو۔ انکو ہم جرم سے نفرت اور اچھے کاموں کی ترغیب بھی دیتے ہیں انکو یہاں تعلیم کیساتھ ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں تاکہ یہ کل کو اپنا روزگار کما سکیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button