National

A solid strategy in the matriculation examination will eliminate boti mafia, Dr. Salim Taqi Shah

شفاف امتحانات کے انعقاد سے لائق و ذہین طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی ہو گی، سیکرٹری سلیم تقی شاہ و کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرجعفر علی

Faisalabad (94 news) بوٹی مافیا کے خاتمہ اور صاف و شفاف امتحانی نظام کے انعقاد کے سلسلہ میں حکومت پنجاب محکمہ ہایئر ایجوکیشن اور ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد سلوت سعیدکی ہدایات کے مطابق سخت و ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں انشاء اللہ ان اقدامات کے نتیجہ میں امتحانی مراکز میں کسی غیرمتعلقہ شخص کا داخلہ تو درکنار اس کے قریب پھٹکنابھی محال ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے برانچ افسران کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان میٹرک کلاس دہم (First)سالانہ 2023ء میں شرکت کرنے والے 158705 طلباء وطالبات کیلئے الگ الگ 553امتحانی مراکز قائم کرکے وہاں محکمہ تعلیم سے تعلق رکھنے والا حاضر سروس ایماندار‘ فرض شناس و اچھی شہرت کا حامل امتحانی عملہ متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ ہر بچے پر یکساں نظر رکھے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ ملازمین کو مختلف امتحانی سنٹرز میں تعینات کرنے کی سابقہ پریکٹس کو امسال بھی جاری رکھا جائے گا کیونکہ اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے تھے اور کسی بھی امتحانی مرکز میں نقل لگانا تو دور کی بات کوئی غیرمتعلقہ شخص داخل ہونے سے بھی قاصر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے شفاف و شاندار انعقاد کے سلسلہ میں جن بورڈ افسران و ملازمین کو جو بھی ڈیوٹی تفویض کی جائے وہ اپنا ذہن ودماغ حاضر اور آنکھیں کھلی رکھ کر اسے بہ احسن و خوبی سرانجام دے اس سلسلہ میں ذرا سی بھی غفلت‘ کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ طلباء وطالبات کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفرعلی نے بتایا کہ مردم شماری کی وجہ سے کچھ سنٹرز پر امتحانی عملہ کی کمی کی شکایت ملی تھی جسے الحمداللہ سی ای اوز اور ڈی ای اوز کے تعاون سے پورا کر دیا گیا اب کوئی بھی سنٹر ایسا نہیں جہاں امتحانی عملہ کے نہ پہنچنے کی شکایت ہو۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وطالبات کے بہترین اور وسیع تر مفاد کے پیش نظر کسی ریگولر تعلیمی ادارے کے طلباء وطالبات کو ایک امتحانی مرکز میں نہیں رکھا گیا بلکہ ان اداروں کے زون بنا کر اس کے اندر آنے والے سکولوں کے بچوں کو کمپیوٹر کے ذریعے ری شیفل کرکے بٹھایا گیا ہے تاکہ نقل لگانے کی حوصلہ شکنی ہو اور سنٹرز خریدنے کی افواہیں خودبخود دم توڑ جائیں مگر بعض مفاد پرست و موقع شناس لوگ اس حکمت عملی و کاوش کو غلط رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں مجھے خوشی ہے کہ تعلیمی حلقوں نے اسے بری طرح مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن بورڈ سمیت ہر تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پل پل کی موصولہ رپورٹس جمع کرکے ایک جامع رپورٹ سیکرٹری ہایئر ایجوکیشن سمیت دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران کو پہنچائی جائے گی۔اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ نے ہدایت کی کہ امتحان کی مؤثر نگرانی کیلئے نیک نامی کے حامل حاضر سروس و ریٹائرڈ موبائل انسپکٹرزسمیت سپیشل مانیٹرنگ سکواڈز بھی تعینات کئے جائیں جو کہیں سے بھی گڑ بڑ کی اطلاع ملنے پر فوری رسپانس کرکے کسی ناخوشگوار واقعہ کے جنم لینے سے قبل ہی اس کا سرکچل کر رکھ دیں۔ انہوں نے امتحانی عملہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض محنت‘ لگن اور دیانتداری سے سرانجام دیں اگر ان پر کوئی اثرانداز ہونے کی کوشش کرے تو وہ اس کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم کو دیں تاکہ ایسے عناصر کی بیخ کنی کرکے اسے عبرت کا نشان بنا یا جائے۔میٹنگ میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن نوید حسین قریشی‘ ڈپٹی سیکرٹری (General) ڈاکٹر بابر ڈوگر‘ اسٹیٹ آفیسر رانا امجد علی خاں‘ ڈپٹی کنٹرولر ریکارڈ برانچ سعیداعوان‘ آڈٹ آفیسر غلام حیدر سعیدی‘ او سی پی ضیاء الاسلام‘اسسٹنٹ کنٹرولر سیکریسی محمد عارف سولگی‘ اسسٹنٹ کنٹرولر میٹرک برانچ ملک جاوید اسلم اعوان‘ اسسٹنٹ کنٹرولرانٹر برانچ میاں نعیم احمد‘ڈائریکٹرسپورٹس مردانہ محمد شہزاد خالد‘ڈائریکٹر سپورٹس زنانہ نگہت نورین‘ سسٹم اینالسٹ محمدطارق‘پی ایس ٹو چیئرپرسن احسان احمد‘ ریسرچ انویسٹی گیٹر رانا ذوالفقار علی منہاس‘ اسسٹنٹ کنٹرولر کنڈکٹ انٹر رانا غلام سرور‘ سپرنٹنڈنٹ کنڈکٹ میٹرک چوہدری ارشد حسین اوراسسٹنٹ پی آر او سید ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ آخر میں تمام برانچ افسران نے سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر سلیم تقی شاہ اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ امتحان کے بہترین و شفاف انعقاد سے جہاں لائق و ذہین طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی ہو گی وہاں ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کی عزت وتوقیر اور نیک نامی میں بھی مزید اضافہ ہو گا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button