ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو سائٹ پر واسا اور کنسلٹنٹ کے دفاتر کا افتتاح کر دیا

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو سائٹ پر واسا اور کنسلٹنٹ کے دفاتر کا افتتاح کر دیا۔ اس ضمن میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ تھے جبکہ اس موقع پر ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید ، ڈی ایم ڈی انجینئرنگ و پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب رضا ، ڈی ایم ڈی سروسز مقبول سنپال ، ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریارحسن ، ڈائریکٹر فنانس جاوید غنی، ڈائریکٹر ریونیو عمر افتخار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ فرنچ پراجیکٹ فیز ٹو پر کنٹریکٹ کمپنی نے واسا افسران اور کنسلٹنٹ کمپنی کے افسران کے لئے دفاتر کی تعمیر مکمل کر لی جس کے بعد انہیں ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کے سپرد کردیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے فرنچ واٹر پراجیکٹ سائٹ پر تعمیراتی کاموں کے معیار کا جائزہ لیا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ سرفیس واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ فیز ٹو کی تکمیل سے شہریوں کو 30 ملین گیلن ڈیلی صاف پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا جو کہ شہر کے مشرقی حصے کی آبادیوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہو گا۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ پراجیکٹ سائٹ پر تعمیراتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور طے کردہ ٹائم فریم کے مطابق تعمیرات کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔



