باعزت ریٹائرمنٹ اعزاز کی بات اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم انعام ہے، محمد آصف چوہدری ڈی جی ایف ڈی اے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ باعزت ریٹائرمنٹ بڑے اعزاز کی بات ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے عظیم انعام ہے۔ انہوں نے یہ بات 37 سالہ سروس مکمل کرنے کے بعد ایف ڈی اے سے ریٹائر ہونے سروئیر اسسٹنٹ عاشق حسین کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج،ڈپٹی ڈائریکٹرز راحیل ظفر، اقرا عثمان دیگر افسران اسٹاف کے ارکان تقریب میں موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ریٹائر ہونے والے سروئیر اسسٹنٹ عاشق حسین کو طویل سروس کے بعد باوقار ریٹائرمنٹ پر مبارکباد دی اور ان کی صحت مند زندگی کی دعا کی. انہوں نے کہا کہ محنتی اور دیانتدار ملازمین ادارے کا بہترین اثاثہ ہیں جن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لہذا تمام ملازمین کو چاہیئے کہ وہ جانفشانی سے سرکاری فرائض انجام دیتے ہوئے سروس ڈیلیوری میں شاندار روایات قائم کریں تاکہ ادارہ کی مزید ترقی اور نیک نامی میں اضافی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین پہلے سے زیادہ قابل احترام ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ادارہ کی خدمت میں گزارا ہے لہزا ان کے لئے ایف ڈی اے کے دفاتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے ریٹائر ہونے والے ملازم کی سرکاری خدمات کو سراہا اور کہا کہ ملازمت سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کے لئے الوداعی تقریب کا اہتمام اچھی روایت ہے جس سے انکی بھرپور حوصلہ افزائی اور خدمات کا احسن انداز میں اعتراف ہوتا ہے۔ دیگر افسران و سٹاف کے اراکین نے بھی ریٹائر ہونے ہونے والے ملازم عاشق حسین کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ الوداعی تقریب کے دوران عاشق حسین کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انہیں یادگاری تحائف پیش کئے گئے۔ ریٹائر ہونے والے ملازم سروئیر اسسٹنٹ عاشق حسین نے عزت افزائی پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند و دیگر افسران و سٹاف کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ کریم کے فضل و کرم سے وہ سرکاری ملازمت میں سرخرو ہوئے ہیں۔



