قومی

بے جا مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے کے لئے جارحانہ اقدامات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(94 نیوز) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے کے لئے جارحانہ اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں دکانداروں کو مقررہ نرخوں کی وصولی کا پابند بنانے کے ساتھ ساتھ اشیاء کی مصنوعی قلت، چور بازاری اور ملاوٹ کرنے والوں کا سختی سے محاسبہ کریں۔ انہوں نے یہ ہدایت ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی میٹنگ کے دوران ان کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں آفتاب احمد ودیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ صارفین کو مہنگائی مافیا سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں میں فروخت کے ساتھ ساتھ ان کے معیار اور وزن پر بھی گہری نظر رکھیں۔ انہوں نے غلہ منڈی اورسبزی منڈیوں کے آڑھتیوں وتاجروں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سبزیوں، پھلوں  اور کریانہ کی اشیاء کی طلب کے مطابق سپلائی میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور کسی شے کی کم یابی کی صورت میں سپلائی کا فوری بندوبست ہونا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قیمتوں کی جانچ پڑتال کے ایسے باقاعدہ اورمنظم طریقہ کار پر عمل ہونا چاہئے کہ عام دکاندار ازخود اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخ وصول کریں جبکہ باربار خلاف ورزی کرنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے اس ضمن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کارکردگی کاباقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف محکمانہ ایکشن ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button