بی آر ٹی منصوبہ، فیصل آباد میں میٹرو بس کے روٹ پر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ، روٹ میں تبدیلی کی تجاویز


فیصل آباد(94 نیوز) حکومت پنجاب اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے اشتراک سے فیصل آباد میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے مجوزہ منصوبے کے تحت شہر میں روٹس کے حوالے سے مشاورت کے لئے ایف ڈی اے کے زیر اہتمام میٹنگ منعقد ہوئی جس میں حکومتی سیاسی رہنما / پارلیمنٹرینز نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بی آر ٹی کے تحت میٹرو بس سروس کے روٹس کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ایشیائی ترقیاتی بنک کی کنسلٹینٹ ہما ڈاہا نے روٹس کے بارے میں بعض تکنیکی اور سائنسی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیاسی رہنماؤں / پارلیمنٹرینز میں حاجی محمد اکرم انصاری، میاں عرفان منان، رانا علی عباس، چوہدری فقیرحسین ڈوگر،میاں اجمل آصف، مہرحامد رشید، جعفر علی ہوچہ،میاں طاہر جمیل، راجہ دانیال ریاض، شیخ محمد یوسف، میاں ضیا الرحمان و دیگر نمائندے شامل تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے میٹرو بس کے ریڈ، بلیو، اورنج اور پرپل مجوزہ روٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ روٹس ایف ڈی اے اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے ماہرین کے اشتراک سے شہر کے سروے و سٹڈی، مسافروں کی تعداد اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے تجویز کئے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں شہر کے مختلف علاقوں کے مسافر میٹرو بس کے اس منصوبے سے کماحقہ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان روٹس سے تعلیمی اداوں، ہسپتالوں، ضلع کچہری،کاروباری دفاتر، صنعتی یونٹس، کمرشل مارکیٹس و دیگر اہم مقامات کو منسلک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میٹرو بس کے مین روٹ/ کوریڈور کے علاوہ فیڈر روٹس بھی تجویز کئے گئے ہیں جس کی بدولت مین روٹ سے سوار ہونے والے مسافر فیڈر روٹ پر بس بدل کر اپنی منزل مقصود کی طرف جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان روٹس کے بارے میں پارلیمنٹرینز کی آراء اورتجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ مشاورتی میٹنگ کے دوران حکومتی سیاسی رہنماؤں / پارلیمنٹرینز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس سروس کا منصوبہ فیصل آباد کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا جوکہ موجودہ پنجاب حکومت کا خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی اور حال میں عوامی فلاح و بہبود اور بھلائی کے وسیع ترقیاتی منصوبوں کا اعزاز صرف موجود حکومت کو حاصل ہے جو کہ عوامی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد محنت کشوں کا شہر ہے لہذا اس طبقہ کی اندرون شہر سفری ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے میٹرو بس سروس کا ایسا مرکزی روٹ تجویز کیا جائے جس کی بدولت صنعتی کارکنوں اورطالب علموں سمیت شاپنگ و روزگار کے لئے مارکیٹوں، منڈیوں و دیگر مقامات پر جانیوالے شہری بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مکوآنہ سے سدھار بائی پاس تک مختلف راستوں پر مشتمل اورنج روٹ میں معمولی ردوبدل کرکے اسے حتمی شکل دینے کی تجاویز دیں۔



