فیصل آباد کو تجاوزات سے پاک کرکے اسکی خوبصورتی کو بڑھائیں گے، ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کی ریڈیو پاکستان پروگرام رابطہ میں شرکت


فیصل آباد (94 نیوز) وزیر اعلٰی پنجاب اور ڈیژنل کمشنر سلوت سعید کی ہدایت پر شہر کو تجاوزات سے پاک اور صاف ستھرا بنارہے ہیں۔ شہر کی سڑکوں کی مرمت اور سٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے جسکو پورا کیا جا رہا ہے۔
یہ گفتگو ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عظمت فردوس نے ریڈیو پاکستان فیصل آباد ایف ایم 93 کے حالات حاضرہ پر مبنی مشہور و معروف پروگرام رابطہ میں اینکر پرسن و سینئیر صحافی میاں ندیم احمد کو انٹریو دیتے ہوئے کہی۔ عظمت فردوس نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ریڈیو پاکستان کے لائیو پروگرام میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہے اور بہت اچھا لگ رہا ہے کہ ہم اپنے چینل پر اپنی کارکردگی اور ہونے والے کاموں کی تفصیلات بتاتے ہیں اور لوگوں کے مسائل سن کر انکا حل کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر کی خوبصورتی تجاوزات کی وجہ سے مانند پڑگئی تھی۔ تجاوزات کیخلاف بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔ کسی کو بھی شہر کی خوبصورتی تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام رہتی ہے، پیدل چلنے والوں کا گزرنا محال ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلا تفریق یہ اپریشن جاری رہے گا۔ تاجروں کو چاہئیے کہ وہ اپنی دکانوں کے اندر ہی سامان رکھیں سڑکوں پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ سائے والے شیڈز لوگوں نے 10 سے 20 فٹ تک بڑھائے ہوئے ہیں۔

ڈپٹی چیف آفیسر نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے طور پر بھی وہ مختلف علاقوں کا دورہ کرتی ہیں اور گرانفروشوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ عوام کو بھی چاہئیے کہ حکومت کے طے شدہ ریٹس پر اشیاء خریدیں اور دکاندار سے تقاضا کریں کہ وہ آپکو ریٹ لسٹ دکھائے۔ ریٹ لسٹ سامنے نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا دکاندار پر لازم ہے۔
عظمت فردوس نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہر کے اندر سڑکوں کی مرمت بھی کروائی گئی اور یہ کام جاری ہے۔ شہر میں نئی سٹریٹ لائٹس اور انکی مرمت بھی کی جاتی تاکہ رات کے وقت شہر روشن رہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شاعرہ بھی ہیں اور انکی شاعری کی ایک کتاب شائع بھی ہوچکی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے لائیو کالرز کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے۔



