تقریبات/سیمینارز

بھارت کا غرور خاک آلود اور کشمیرپاکستان کا حصہ ہو گا، ڈاکٹر جعفر علی

فیصل آباد(94نیوز) گزشتہ75 سالوں سے بھارت اپنی بظاہر عددی برتری اور ایٹمی طاقت ہونے کے نشہ میں نہتے و کمزور کشمیری مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہا ہے مگراپنی بے انتہاء سفاقیت کے باوجود وہ کشمیریوں کی پاکستان سے والہانہ محبت اور قلبی لگاؤ کو ختم کرنے میں بری طرح ناکام رہااس لئے مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کا غرور خاک آلود اور کشمیرپاکستان کا حصہ ہو گا ان خیالات کا اظہار کنٹرولر امتحانات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر محمد جعفر علی نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ہونے والی واک کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررانا جمشید علی،رانا ذوالفقار علی منہاس،چوہدری محمد صفدر جٹ،اختر حسین بدر، لیاقت علی، نصیر ڈوگر، ساجد حسین، اصغر علی ڈوگر، چوہدری علی ڈوگر، اخترمسیح، محمد شفیق واہلہ،منور علی اور سید ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر برانچ افسران و بورڈ ملازمین بھی کثیر تعداد میں وہاں موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کوپاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا یہی وجہ ہے کہ نہ صرف ہم کشمیر کو اپنا جسم و انگ سمجھتے ہیں بلکہ ہمارا دل بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی سانسوں کے ساتھ دھڑکتا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے کئی سالوں سے جنت نظیر کشمیر وادی کو جیل اور گھروں کو قبرستان بنا کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی اور ان کے اوپر ہونے والی بربریت کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔ کنٹرولر امتحانات نے کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم پرنام نہاد عالمی انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی معنی خیز خاموشی پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو کتے کی بھی حادثاتی موت پر تلملااٹھتے ہیں انہیں کشمیری مسلمانوں پر ہونے والا بھارتی ظلم و ستم کیوں نظر نہیں آتا ایسے لوگوں کو اپنا دوہرا معیار چھوڑ کر مظلوموں کا ساتھ دینا چاہئے ڈاکٹر محمد جعفر علی نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، مذہبی،سفارتی اور ہر طرح سے حمایت جاری رکھیں گے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیری مسلمانوں کو استصواب رائے کا حق دے۔ریلی کے آخر میں میاں اختر حسین بدر نے امت مسلمہ کی یکجہتی، غلبہ اسلام، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button