کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، کشمیریوں کی آواز کو طاقت کیساتھ دبایا نہیں جا سکتا، کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر ریڈیو پاکستان کے پروگرام رابطہ میں سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر رانا منور کی گفتگو


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر ریڈیو پاکستان ایف ایم93کے حالات حاضرہ پر مبنی معروف لائیو پروگرام رابطہ میں سابق ڈائریکٹر کالجز فیصل آباد ڈویژن پروفیسر رانا منور اقبال نے میزبان پروگرام میاں ندیم احمد کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ27اکتوبر 1947برصغیر میں ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں سیاہ دن تھا جب بھارت کی فوج نے کشمیر پر قبضہ کرکے اپنے ہی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ جون 1947کو ایک معاہدہ ہوا تھا۔جس کے تحت یہ طے پایا تھا کہ جن علاقوں میں مسلمانوں کی اکثریت ہے وہ علاقے پاکستان میں شامل ہونگے۔ لیکن اس معاہدے کی بھی پاسداری بھارت نے نہیں کی۔اور کشمیر پر ناجائز قابض ہوگیا۔ قتل و غارت کا سلسلہ اس وقت سے جاری ہے۔ لیکن کشمیر کی آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکا۔ بھارت خود اس مسئلے کو5جنوری 1948کو اقوام متحدہ میں لیکر گیا۔ اس وقت پاکستان اور بھارت کی جنگ ہوگئی۔ اقوام متحدہ نے اس وقت سیز فائر کروادی۔ اقوام متحدہ نے بھی قرار داد کے ذریعے کشمیر کو متنازعہ علاقہ قرار دیدیا۔اور بھارت کے قبضے کو ناجائز قراردیدیا۔ انہوں نے کہا جب بھی کوئی مبصر مقبوضہ کشمیر میں گئے بھارت نے اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ انکے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا تاکہ اپنے ناجائز قبضے کو وسعت دیتا رہے۔انہوں نے کہا کہ جس طریقے کیساتھ مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت ہو رہی ہے۔ اسکی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔بچوں، خواتین،بزرگوں پو ظلم و ستم کیا جا رہا ہے۔ لیکن دنیا جانتی ہے کہ کشمیر کے لوگ حریت کی یہ جنگ کس طریقے کیساتھ لڑ رہے ہیں۔ آج پوری دنیا میں کشمیر کی آواز اٹھائی جا رہی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز کو ہر پلیٹ فارم پر بلند کیا ہے۔پروفیسر رانا منور نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کیلئے اس وقت آئین کی ایک شک 370اور 35اے بنائی گئی جس کے تحت کوئی بھی غیر کشمیری زمین کشمیر میں نہیں خرید سکتا۔ کشمیریوں کی نسل کشی نہیں کی جائے گی۔ لیکن 2019میں بغیر کشمیر کابینہ کی مشاورت کے اس خصوصی حیثیت کو ختم کردیا گیا۔ جس سے پوری دنیا میں بھارت کا بھیانک چہرہ سامنے آگیا۔ نام نہاد جمہوری ملک کہلانے والے بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں وہ چاہے مسلمان ہیں، مسیحی، سکھ یا کسی اور مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہیں غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔ آج ہم سب کشمیر کیساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ انکی آواز کیساتھ آواز شامل کررہے ہیں۔یہ پروگرام خصوصی طور پر کشمیر بلیک ڈے کے موقع پر براہ راست نشر کیا گیا۔ جس کے پروڈیوسر عمران حسن تھے اور میزبان میاں ندیم احمد تھے۔



