تقریبات/سیمینارز
یونان کی قریب کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کمیٹی کے ممبران کے بغیر ہی یوم سوگ کی تقریب

تقریب میں کمشنر، ڈپٹی کمشنرکی خصوصی شرکت مگرانسداد انسانی اسمگلنگ پر کام کرنے والی سماجی تنظیموں اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کمیٹی کے ممبران تقریب سے لاعلم

فیصل آباد(94 نیوز) یونان کے قریب کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے غم میں یوم سوگ منایاگیا۔ یوم سوگ کے موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہا، جاں بحق ہونے والوں کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور افسران نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔
ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام میونسپل کارپوریشن ہال میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ کمشنر سلوت سعید، ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،سی ای ایجوکیشن کاشف ضیاء،پرنسپل گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈراؤاقبال،انچارج ضلعی ایمرجنسی آپریشنل سنٹر محمد صادق، ممبر امن کمیٹی مولانا محمد ریاض کھرل،علماء کرام، ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران،اساتذہ، طالب علم شریک تھے۔ لیکن فیصل آباد کی سول سوسائٹی، این جی اوز اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں قائم کی گئی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کمیٹی کے ممبران کو یکسر نظرانداز کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کی بات بھی کی گئی۔ جب این جی اوز کے نمائندوں اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کمیٹی کے ممبران سے پوچھا گیا تو انہوں نے اس پروگرام کی لاعلمی کا اظہار کیا۔
کمشنر نے یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم قومی سانحہ پراکٹھے ہوئے ہیں اورجا ں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سانحات قوموں کو جھنجھوڑدیتے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ روزگار کے لئے وطن عزیز سے باہرجانے والوں کے ساتھ افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کی حکومت تحقیقات بھی کررہی ہے۔
کمشنر نے کہا کہ کلرکہار موٹروے پر بھی بس حادثہ کا افسوسناک سانحہ ہواجس پر قوم رنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک سے دعاکرنی ہے کہ ہمیں ایسے حادثات سے محفوظ رکھے اور وطن عزیز کو معاشی لحاظ سے مضبوط تر بنائے۔انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ناگہانی آفت میں سینکڑوں پاکستانی شہریوں کی اموات پررنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔مولانا محمد ریاض کھرل نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرائی۔