”کشمیر کبڈی کپ” سانجھا پنجاب کبڈی کلب نے میدان مارلیا، ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے انعامات تقسیم کئے


فیصل آباد (94 نیوز سپورٹس رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ ”کشمیر کبڈی کپ”سانجھا پنجاب کبڈی کلب نے جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے اپنے مدمقابل آزاد کبڈی کلب یوکے 409 کی ٹیم کو 33 کے مقابلے میں ساڑھے 36 پوائنٹس سے شکست دی اور تین لاکھ روپے نقد بمعہ ٹرافی کا پہلا انعام حاصل کیا۔ رنر اپ ٹیم دو لاکھ روپے نقد اور ٹرافی کی حقدار ٹھہری ۔ فائنل میچ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر مہمان خصوصی اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمان اعزاز تھے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر یاسر اعجاز چٹھہ اور ایف ڈی اے کے دیگر افسران کے علاوہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری طارق نذیر، سینئرنائب صدر ڈویژنل کبڈی شبیر احمد سندھو ، سیکرٹری جنرل طیب گیلانی اور دیگر عہدیدار کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں کبڈی کے شائقین موجود تھے۔ افتتاحی میچ میں سانجھا پنجاب کبڈی کلب کی ٹیم نے ہائوس آف ٹائر شیر پنجاب کبڈی کلب کی ٹیم کو31 کے مقابلے میں 35 پوائنٹس سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے دوران آزاد کبڈی کلب یوکے 409 نے ننکانہ صاحب کبڈی کلب کی ٹیم کو 41 کے مقابلے میں ساڑھے 41 پوائنٹس سے ہرا دیا۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنیوالی شیر پنجاب کبڈی کلب کی ٹیم اور چوتھی پوزیشن کی حامل ننکانہ صاحب کبڈی کلب کی ٹیم کو ایک ایک لاکھ روپے نقد اور ٹرافی کا انعام دیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر کپیٹن (ر)ندیم ناصر نے کشمیر کبڈی کپ کے شاندار انعقاد و انتظامات اور کھلاڑیوں کے جوش وجذبے کو سراہا ۔انہوں نے کہا اس روایتی اور ثقافتی کھیل کے مقابلوں کی بدولت نہ صرف شائقین کو سنسنی خیز اور زورآور مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں بلکہ اس اہم اقدام سے مسئلہ کشمیر کو بہترانداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کبڈی کے کھیل کی مزید ترویج و ترقی کیلئے بھرپور معاونت کی جائیگی ۔ انہوں نے کھیلوں کی گرانقدر سرپرستی کرنے پر ایف ڈی اے انتظامیہ کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کشمیر کبڈی کپ جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے اور ماہرانہ انداز میں کبڈی کے دائو پیچ کے ذریعے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے پر انہیں مبارک باد دی۔ انہوں نے گفتگو کے دوران کشمیر کبڈی کپ کو مقبوضہ جموں وکشمیر مظلوم عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں سکتے اور آزادی کیلئے ان کی کوششوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہمہ جہت کوششیں جاری ہیں اس سلسلے میں دیگر پروگرامز کے ساتھ سپورٹس کے ایونٹس بھی متاثر کن کردار ادا کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ایف ڈی اے نے یوم یکجہتی کشمیر پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف عالمی اداروں کی توجہ مبذول کرانے کے لئے اس خطے کا معروف ثقافتی کھیل کبڈی کے مقابلے منعقد کرائے گئے ہیں جنہیں دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں شائقین امڈ آئے اور انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ کبڈی کی ٹیموں میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی شامل تھے جو کہ عوام کے لیے پر کشش اور بے حد دلچسپی کا باعث تھے۔ سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی نے کشمیر کبڈی کپ کے انعقاد میں بھرپور معاونت کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور ان کی انتظامی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔



