قومیکامرس

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھراضافے کا امکان

لاہور (94 نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر 11 روپے کا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے 16 اکتوبر سے پٹرول 8 روپے، ڈیزل 11 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں 16 اکتوبر سے پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یکم اکتوبر سے عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 دنوں کے دوران 12 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا ہے اور اگلے تین روز تک قیمتوں میں اضافے کا رحجان برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اسی باعث پٹرولیم انڈسٹری ذرائع کا بتانا ہے کہ چند روز بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات دوبارہ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

پٹرولیم انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ پاکستان میں ڈالر کی قیمت کا بڑھنا بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔

ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت 8 روپے فی لیٹر جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 11 روپے فی لیٹر بڑھائے جانے کا امکان ہے۔اضافے کی صورت میں نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اکتوبر سے ہو گا۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے سے 8 روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔ وزارت خزانہ نے یکم اکتوبر سے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 8 روپے 82 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ کیا گیا۔ یوں پٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 99 روپے 51 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 4 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے 31 پیسے مقرر کر دی گئی، یہ قیمتیں 15 اکتوبر تک نافذ العمل رہیں گی۔

مزید

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Close