شہری ترقی وعوامی فلاح وبہبود ہماری پالیسیوں کا محور ہے، ڈی جی ایف ڈی اے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت ایف ڈی اے کے سالانہ بجٹ کی تجاویز کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ا ے دلاور خاں چد ھڑ، چیف انجینئر مہرایوب، اور مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ودیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بجٹ تجاویز پر گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو ادارہ کے مالی استحکام کےلئے اقدامات کو نتیجہ خیز بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ شہری ترقی اور عوامی فلاح وبہبود ہماری پالیسیوں کا محور ہے جنہیں کامیاب بنانے میں تمام شعبوں میں سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کریں ۔انہوں نے کہا کہ طے شدہ حکمت عملی کے تحت ادارہ کی آمدن میں اضافہ کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں اس ضمن محکمانہ اقدامات کا دائرہ وسیع کر دیا جائے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایف ڈی اے سٹی فیز ii کی ڈویلپمنٹ کیلئے پلان مرتب کیاجائے تاکہ آمدن کے زیادہ وسائل میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈ ی اے کی جائیدادوں کو فائدہ بخش منصوبوں کیلئے بروئے کار لائیں اور گلستان پلازہ سے آمدن کیلئے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے جامع اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے بجٹ مختص کرنے اور نئے ترقیاتی منصوبوں کو قابل عمل بنانے کے لئے مؤثر لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی دیکھ بھال پر گہری توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ نظم و نسق کے ساتھ کھیلو ں و تفریحی سرگرمیوں کے لحاظ سے اس منصوبے کو کسی بھی اعلی پائے کے کلب سے کم نہیں ہوناچاہئے ۔ انہوں نے بجٹ تجاویز کو مستقبل کے ترقیاتی تقاضوں کے مطابق بنانے اور غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ جدید تقاضوں کے مطابق ادارہ میں مختلف اصلاحات کو بجٹ تجاویز کا حصہ بنایاجائے تاکہ سروسز کے معیار میں عوامی توقعات کے مطابق مزید بہتری لانے میں کوئی امر مانع نہ رہے۔



