قومی

ڈی سی کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ تمام مجسٹریٹس کے ساتھ صبح و شام باقاعدہ میٹنگز کی جائیں گی تاکہ فیلڈ کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر صورت سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں مقامات پر آویزاں ہونی چاہیے اور اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں محض جرمانہ عائد کرنے تک محدود نہ رہا جائے بلکہ گرفتاریاں اور دکانوں کو سیل کرنے جیسے سخت اقدامات بھی عمل میں لائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران”پیرا”سٹاف بازاروں میں صبح سے رات تک موجود رہے تاکہ قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کنٹرول روم کو مزید فعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں میگا مارٹس میں ڈسکاؤنٹ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی، تاہم اس بات پر زور دیا گیا کہ اشیائے خورونوش کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مارکیٹ کمیٹی کو قیمتوں میں بلاجواز اضافہ روکنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی تاکید کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے بہترین انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے سہولت بازاروں میں سپروائزرز کی سو فیصد موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ حکومتی ریلیف اقدامات موثر انداز میں عوام تک پہنچ سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button