قومی

شاپنگ مال میں سیلز گرل پر تشدد کرنے والی خاتون گرفتار

لاہور (94 نیوز) لاہور کے شاپنگ مال میں لپ اسٹک چیک کرنے اور آیئنہ نہ دکھانے کے معاملہ پر سیلز گرل کو  شدید تشدد کا نشانہ بنانے والی بگڑی ہوئی امیر خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقہ فیکٹری ایریا کے ایک نجی شاپنگ مال میں خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر سیلز کاؤنٹر پر کھڑی ہونے والی لڑکی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا  پر وائرل ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے تشدد کرنے والی خاتون کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر صوبائی وزیر نے نوٹس لے لیا تھا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے شاپنگ مال کی انتظامیہ اور متاثرہ لڑکی سے رابطہ کر کے واقعے کا مقدمہ فیکٹری ایریا تھانے میں درج کیا۔

جس کے بعد شاپنگ مال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گاڑی اور خاتون کی شناخت کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون کی شناخت صدف کے نام سے ہوئی۔ دوران تفتیش ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ میری لپ اسٹک چیک کرنے پر سیلز گرل سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد مجھے غصہ آ گیا تھا۔ ملزمہ کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ خاتون نے سیلز گرل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور اُسے بچانے کے لیے آنے والوں پر بھی تشدد کیا۔ملزمہ صدف نے پیپر کٹر سےسکیورٹی سپروائزر پر بھی حملہ کیا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق سکیورٹی سپروائزر بھی خاتون کے حملے میں زخمی ہوئے اور اُن کی انگلی پر چوٹ آئی۔ شاپنگ مال میں ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون کے ساتھ اس کا شوہر حمزہ بھی شامل تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزمہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button