قومی
فیصل آباد میں گرین سکول پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ

سرکاری سکولوں میں کچن گارڈننگ کو پروان چڑھانے کے لئے بلاتاخیر اقدامات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر

فیصل آباد(94 نیوز) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں کچن گارڈننگ کو پروان چڑھانے کے لئے بلاتاخیر اقدامات کئے جائیں اس ضمن میں مقررہ دستیاب اراضی کے حامل ہر تحصیل کے کم ازکم ایک سکول کا انتخاب کرکے عملدرآمد ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ کے قیام سے نہ صرف سکول سرسبز وشادابی کا منظر پیش کریں گے بلکہ پھل وسبزیاں اگا کرروزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔انہوں نے یہ بات ”گرین سکول پراجیکٹ”پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکواٹرز کاشف رضااعوان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ثمینہ سیف نیازی،سی ای او ایجوکیشن کاشف ضیاء،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرصنم گوندل اور ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن ملک منظوراحمد بھی موجود تھے۔اجلاس میں تکنیکی ماہر ساجد سندھو نے گرین سکول پراجیکٹ پربریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ ماہرین کو سکولوں کے دورے کروائیں اورپلاٹ کاسائز وپانی کی فراہمی کے ذرائع سمیت دیگرضروری امور سے متعلق ورکنگ فی الفورمکمل کریں۔انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کو بھی معاونت کی تاکید کی اور کہا کہ سکولوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ کچن گارڈننگ پراجیکٹ شروع کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ سکول کونسل کو اس ضمن میں ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ سکولوں کے طالب علموں کو کچن گارڈننگ کے بارے میں آگاہی بھی دی جائے تاکہ وہ گھریلو سطح پر بھی دستیاب اراضی پر یہ پراجیکٹ لگا کر روزگار میں اضافہ کریں۔