فیصل آباد:جڑانوالہ روڈ پر مدینہ گرین سٹی، قمر بلاک اور ماڈل سٹی ایگزیکٹو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں قرار،


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے جڑانوالہ روڈ پر تین غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا اور ایک ہاؤسنگ سکیم میں پبلک یوٹیلیٹی سروسز کے لئے مختص پلاٹ پر ناجائز قبضہ کے خلاف بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن کے ذریعے تعمیرات مسمار کرکے پلاٹ خالی کروا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی طرف سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور قبضہ مافیا کے خلاف مختص اہداف پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر میاں قمر شہزاد کی سربراہی میں انسپکٹرز اسلم انصاری، یاور حسین،اسلم گجر ودیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کی تو جڑانوالہ روڈ پر مدینہ گرین سٹی، قمر بلاک اور ماڈل سٹی ایگزیکٹو کے ناموں سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جن کے خلاف کارروائی کرکے بعض تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا تاکہ شہریوں کو دھوکہ دہی سے بچایا جاسکے۔ دریں اثناء ایک مزید کارروائی کے دوران مدینہ گرین ہاؤسنگ سکیم میں پبلک یوٹیلیٹی سائٹ پر بعض تعمیرات کو مسمار کرکے ناجائز قبضہ بھی ختم کر دیا گیا۔



