کھیل

نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرکے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے، ڈویژنل کمشنر

فیصل آباد(94 نیوز) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرکے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ توانا جسم کے ساتھ پروان چڑھ سکیں۔ انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سکول وکالج میں چار روزہ آل پاکستان سکولز ایجوکیشنل اولمپیڈ مقابلوں کے افتتاح کے موقع پربطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پرنسپل ڈی پی ایس شاہد محمود،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خان نیازی،صدر چیمبر آف کامرس راؤ سکندر اعظم کے علاوہ دیگر پبلک سکولوں کے پرنسپلز،ملک بھر کے تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے طالب علم اور والدین بھی موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے افتتاحی تقریب کے موقع پر طالب علموں کی زبردست پروفارمنس کو سراہا اور کہا کہ مقابلوں میں تمام صوبوں کی نمائندگی یکجہتی کا بھرپور اظہار ہے جس کی بدولت ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرکے طالب علموں کو ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔انہوں نے فٹبال کو کک لگا کر مقابلوں کا آغاز کیا اورطالب علموں کے عمدہ کھیل کی تعریف کی۔پرنسپل ڈی پی ایس نے بتایا کہ اولمپیڈمقابلے 8 نومبر تک جاری رہیں گے جن میں سکولوں کے طالب علموں کے مابین ہینڈ بال،کرکٹ،ہاکی،فٹبال،باسکٹ بال،ٹیبل ٹینس اور دیگرمقابلے ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ مقابلوں میں ڈی پی ایس اینڈ سی،ساندل کالج،فضل حق سکول مردان،گورنمنٹ رستم خان جمالی ہائی سکول،ڈی پی ایس قصور،کیڈٹ کالج مستونگ،صوابی کیڈٹ کالج،سکھر،کراچی،ساہیوال،لورالائی،اٹک اور دیگر شہروں سے پبلک سکول شرکت کر رہے ہیں۔مقابلوں کے آغاز پر طالب علموں نے مارچ پاسٹ اور صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف ٹیبلوز پیش کئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button