قومی

علی امین نے 30 کروڑ روپے لیکر تحریک عدم اعتماد کی سازش کی

اسلام آباد (94 نیوز) عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر سردارعبدالقیوم نیازی کی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اور سردار عبدالقیوم نیازی کے درمیان ہونے والی ملاقات خوشگوار نہیں رہی ، ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان کے سامنے علی امین پر الزام لگایا کہ انہوں نے 30 کروڑ روپے لے کر تحریک عدم اعتماد کی سازش کی۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عبدالقیوم نیازی کے الزامات پر عمران خان حیران رہ گئے اور انہوں نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی تاہم بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر کو آگاہ کیا گیا کہ شاہ محمود قریسی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی نے ان کے الزامات کو اہمیت نہیں دی لہٰذا ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے بڑھے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے قریبی رفقاء سے صلح مشورے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ سرنڈر نہیں کریں گے بلکہ بھرپور طریقے سے سازش کا سامنا کریں گے ، اسی کے تحت انہوں نے سینئر ترین وزیر سردار تنویر الیاس سمیت 5 وزراء کو برطرف کر دیا۔

ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس اور وزیر تعلیم عبدالماجد خان بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے برطرف وزراء میں علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم بھی شامل ہیں ، وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے وزراء کو برطرف کیے جانے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ، وزراء کوبد عنوانی،مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے کابینہ سے نکالا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبد القیوم نیازی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی تھی ، عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی ممبران اسمبلی نے جمع کروائی ، وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف عدم اعتماد لانے والوں میں ماجد خان ، علی شان سونی اور اکبر ابراہیم شامل ہیں اور اس تحریک عدم اعتماد پر 25 ممبران کے دستخط ہیں جب کہ آزاد کشمیر کے سینئر سیاستدان سردار تنویر الیاس کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button