قومی

صحافیوں کو کوریج سے روکنا اور بدسلوکی ناقابل برداشت ہے، شاہد علی، بلال ڈوگر

ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد بھٹی اور ان کے ساتھیوں کی صحافیوں کیساتھ بدسلوکی آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے، شوکت علی وٹو

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) فیصل آباد پریس کلب کے گروپ لیڈر شاہد علی، صدر محمد بلال ڈوگر، سیکرٹری شوکت علی وٹو اور دیگر عہدیداران نے ضلع کونسل چوک پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کرنے والے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ستھرا پنجاب) کے ملازمین کی کوریج کے دوران سابق صدر فیصل آباد پریس کلب جی اے تنویر اور سابق ایگزیکٹو ممبر نادر حسین مان کیساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ اور صحافتی فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔

پریس کلب کے عہدیداران نے کہا کہ احتجاج کی کوریج کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر عابد بھٹی اور ان کے ہمراہ افراد نے صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور مبینہ طور پر بدسلوکی کی کوشش کی، جو آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ فرائض میں مداخلت کے مترادف ہے۔ ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی عوامی مسائل اجاگر کرنے اور حقائق عوام تک پہنچانے کے لیے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کے افسر یا اہلکار کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ صحافیوں کو کوریج سے روکے یا ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرے۔ فیصل آباد پریس کلب آزادیٔ صحافت پر کسی بھی قسم کے دباؤ یا حملے کے خلاف متحد ہے اور صحافی برادری کے تحفظ اور باعزت پیشہ ورانہ ماحول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
پریس کلب کے عہدیداران نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور آئندہ صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران تحفظ فراہم کیا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button