سکولوں،کالجوں،ہسپتالوں اور مساجد کے روٹس پر جمع پانی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، ایم ڈی واسا عامر عزیز


فیصل آباد(94 نیوز) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور مساجد کے روٹس کو پانی سے کلیئر کرنے کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ اس ضمن میں آپریشنز سٹاف کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہر بھر میں تمام سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور مساجد کے روٹس پر جمع پانی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور آپریشنز سٹاف روزانہ کی بنیاد پر اپنی متعلقہ سب ڈویژن کا وزٹ کرے اور سکول، کالجوں اور ہسپتالوں کے پانی سے کلیئر روٹس کی تصاویر اپ لوڈ کرے جس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ شہر کے تمام عوامی و اجتماعی مقامات پر فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے ہمہ تن کوشاں ہیں کیونکہ شہریوں کا اعتماد واسا کی کامیابی کی ضمانت ہے اور عوامی مقامات کو سیوریج مسائل سے مکمل صاف رکھنا واسا کی ذمہ داری ہے جسے مسلسل کامیابی سے انجام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا کی فری ہیلپ لائن 1334 چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری اپنی شکایات کے اندراج کے لئے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں اور ان شکایات کو بروقت حل کر کے متعلقہ شکایت کنندہ سے باضابطہ طور پر فیڈ بیک حاصل کیا جاتا ہے۔



