تقریبات/سیمینارز
سٹی ٹریفک پولیس نےغلام محمد آباد کی 98 خواتین کو ڈرائیونگ سکھا دی

6 روزہ ٹریننگ کا اہتمام سٹی ٹریفک پولیس، ہنڈا اٹلس اور سوشل ویلفئیر سوسائٹی غلام محمد آباد نے کیا

فیصل آباد(94 نیوز) سٹی ٹریفک پولیس، اٹلس ہنڈا اور سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے باہمی اشتراک سے غلام محمد آباد کی 98 خواتین کو خود انحصاری اور خود اعتمادی کی طرف راغب کرنے کے لیے انہیں دور جدید ہر گھر کی بنیادی ضرورت موٹر سائیکل ڈرائیونگ کی عملی تربیت مہیا کی گئی تاکہ جن خواتین کے گھروں میں ان کے والد، بھائی، شوہر کسی مجبوری کی وجہ سے انہیں سکولز، کالجز، بچوں کو تعلیمی اداروں تک لانے لیجانے، گھریلو اشیاء خوردو نوش لانے کے لیے نہیں لے جاسکتے وہ خود موٹر سائیکل ڈرائیو کر کے اپنی ضرورتوں کو کماحقہ پورا کر سکیں، اس سے ان کے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ آئے روز بڑھتے ہوئے کرایوں سے بھی محفوظ رہ سکتی ہیں، کی اہم ضرورتوں کی تکمیل کے لیے موٹر سائیکل ڈرائیونگ کا چھ روزہ انعقاد سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول غلام محمد آباد میں کیا گیا۔
خواتین کے لیے بہترین موٹر سائیکل ڈرائیونگ انتظامات کرنے پر اٹلس ہنڈا کے کنٹری ڈائریکٹر افتخار احمد نے اپنی کمپنی کی جانب سے چیف ٹریفک آفیسر مقصود احمد لون کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ جبکہ چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک پولیس کی طرف سے معاونت کرنے پر اٹلس ہنڈا کے کنٹری ڈائریکٹر افتخار احمد، سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی، سٹی ٹریفک پولیس ایجوکیشن یونٹ کے انچارج ڈاکٹر مبشر سعید باجوہ، ہنڈا کے انچارج ٹریننگ محمد حسنین،ماسٹر ٹرینی فیض الحسن اور معاون ٹرینی محمد علی کو اعزازی شیلڈز دیں۔
موٹر سائیکل ڈرائیونگ ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے جس کی تربیت حاصل کرنا ہر عورت کی خواہش ہے، خواتین میں چالیس سال سے زائد عمر کی دو خواتین بھی شامل تھیں جنہوں نے عملی تربیت حاصل کی اور بتایا کہ ان کی عرصہ سے یہ خواہش تھی کہ وہ اس تربیت کو حاصل کریں مگر حالات، ماحول اور وسائل نہ ہونے کی بجائے وہ موٹر سائیکل ڈرائیونگ نہ سیکھ سکیں، اب ہم سٹی ٹریفک پولیس، اٹلس ہنڈ ااور سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں عملی تربیت مہیا کر کے ہمیں خودانحصاری اور خود اعتماد ی کی طرف راغب کیا یقینا اس سے ہمارے گھروں میں آگے بڑھنے کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔