Zero tolerance policy against illegal occupation of government land will be strictly implemented, said Mohammad Asif Chaudhry.


Faisalabad(94 News City Reporter) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات اور مسائل سنتے ہوئے جاری کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج،اسماء محسن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں سے براہ راست درخواستیں وصول کیں اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔ شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی جانب سے ناجائز قابضین، غیر قانونی تعمیرات، غیر منظور شدہ کمرشلائزیشن اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بھرپور آپریشن مسلسل جاری ہے، جبکہ ادارے کا انفورسمنٹ عملہ فیلڈ میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی شہری کی جانب سے ناجائز قبضے یا غیر قانونی سرگرمی کی نشاندہی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اگر کسی اہلکار کی ملی بھگت یا غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ محمد آصف چوہدری نے کہا کہ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے بلا جھجک ایف ڈی اے سے رابطہ کریں، ان کے مسائل کے تیز رفتار اور شفاف حل کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی مختلف سروسز کے معیار میں بہتری لانے کے لیے جدید اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے سے متعلق شہریوں کے تمام امور کو مرحلہ وار آن لائن کیا جا رہا ہے تاکہ خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے اور کوئی بھی درخواست یا فائل بلاجواز زیر التوا نہ رہنی چاہیے۔
۔۔۔///۔۔۔



