قومی

سنجرانی کی جعلی جیت کیلئے حکومت نے ہر حربہ استعمال کیا،سید ناصر شاہ

سکھر(94 نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد وفاقی حکومت بوکھلا گئی تھی، بہت سے وفاقی وزراءاور ترجمان باؤلے ہوگئے تھے اور کہہ رہے ہیں تھے کہ ہر حربہ استعمال کریں گے،صادق سنجرانی کی جعلی جیت کے اعلان کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں، انشاء  اللہ گیلانی صاحب جیتیں گے.

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سب نے دیکھا کہ پولنگ بوتھ سے کیمرے نکلنا شروع ہو گئے، ایک نہیں متعدد کیمرے نکلے، یہ تاریخ میں کبھی بھی نہیں ہوا کہ ووٹر جہاں اپنا حق رائے دہی استعمال کرتا ہے وہاں یہ چیزیں نکلیں،حکومت  نےتمام ہتھکنڈے استعمال کئے گئے، جس کے ووٹ زیادہ ہیں ان کو مسترد دکھایا گیا، فیصلہ پاکستان کی عوام کرے گی، یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا.

انہوں نے کہا کہ پریذائڈنگ افسر نے خود ساختہ طور پر سات ووٹ مسترد کرنے کا فیصلہ دے دیا،اس پر ہمارے پولنگ ایجنٹس نے اعتراضات کئے لیکن پریذائڈنگ افسر نے جو چشمہ لگایا ہوا تھا اس میں واقعے بھی مسترد نظر آرہے تھے لیکن جب اصل لوگ اس کو چیک کریں گے تو ووٹ درست ہونگے اور گیلانی صاحب جیت جائیں گے.

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے سینٹ انتخابات میں نامزدگیوں پر ان اپنے اراکین اسمبلی کو شدید اعتراضات تھے ان کے اراکین نے کہا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کو ووٹ نہیں دینگے جبکہ سید یوسف رضا گیلانی کا بہت بڑا قد کاٹھ ہے ،ان کو پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے سینیٹ چئیرمین کے لئے متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا اور ان پر کسی نے بھی اعتراض نہیں کیا.

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے احاطے پر وفاقی حکومت کا اختیار ہے، اُنہوں نے کیمرے لگائے ہونگے،ہمارے ادارے بڑے معتبر ہیں، ہمیں ان کا احترام کرنا چاہئے ،تحریک انصاف  کی طرف سے جو سیاست ہو رہی ہے، یہ ان اداروں کو خوا مخواہ نشانہ بنانے کی بات کرتے ہیں،اس پر ہماری قیادت اپنی بصیرت کے مطابق فیصلہ کرے گی تو اس پر کھل کر بات کریں گے. ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ میں ویسے ہی شدت تھی اور رہے گی، لانگ مارچ اور دیگر آپشنز موجود ہیں جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر عمل درآمد کیا جائے گا. پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں  اپنے طور پر لانگ مارچ کی تیاریاں کر رہی ہیں ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button