قومی

ڈینگی سے بچاؤ کے لئے اردگرد کا ماحول خشک رکھیں، ڈاکٹر ذوالقرنین

فیصل آباد (94 نیوز) ڈینگی مچھر سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے کہ اردگرد کا ماحول خشک رکھیں، گھروں، دفتروں، ملوں، فیکٹریوں اور دکانوں میں ائیر کولر، ائیر کنڈیشنر اور فریج کے نیچے پانی جمع نہ ہونے دیں، یہ گفتگو ڈاکٹر محمد ذوالقرنین ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر وبائی امراض و ڈینگی نے آج ریڈیو پاکستان فیصل آباد اسٹیشن ایف ایم 93 کے حالات حاضرہ پر مبنی معروف پروگرام "رابطہ” میں میزبان میاں ندیم احمد کیساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ جب موسم گرمی یا سردی کا ہو اور نمی ہو تو یہ مچھر پیدا ہوتا ہے، مادہ مچھر نمی والی جگہ پر انڈے دیتی ہے اور پانی اس کی افزائش کا باعث بنتا ہے، اسلئے ہمیں چاہئے کہ ہم جگہ کو خشک رکھیں، کباڑ کی دکانوں والے صفائی کا خاص خیال رکھیں، ٹائرز شاپ والے ٹائروں کو کور کریں تاکہ ڈینگی مچھر ٹائروں اندر انڈۓ نہ دے سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگرجسم میں درد ہو، آنکھیں کھینچی ہوئی ہوں، زکام وغیرہ کی شکایت ہو تو فوری قریبی ہسپتال میں ڈاکٹر کو چیک اپ کروائیں، انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کی شکایت ہو تو پلیٹلیس بھی کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اسلئے اسکو نظرانداز کسی بھی صورت میں مہ کریں۔ بے احتیاطی کی صورت میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے،

ڈاکٹر ذوالقرنین نے مزید بتایا کہ مچھردانی کا استعمال کریں، گھروں میں مچھر مار سپرے وغیرہ کریں تاکہ اس سے نجات مل سکے، انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز قائم کئے گئے ہیں جہاں مریضوں کا علاج فری ہوتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر صاحب نے کال کرنے والوں کے سوالات کے جوابات بھی دئیے، شہریوں کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان ایسے آگاہی پروگرام کرتا رہتا ہے جس سے ہمیں معلومات ملتی ہیں اس تسلسل کو برقرار رہنا چاہئیے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button