تقریبات/سیمینارز

نوجوان قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، جنہیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت دیگر جدید علوم سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے، محمد آصف چوہدری

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں جن میں قائدانہ جوہر اجاگر کرنے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سمیت دیگر جدید علوم سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے جس کے لئے ان میں مطالعہ کی عادت اور علم و ہنر کے ذریعے ذھنی پختگی کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن میں ڈویلپنگ ینگ لیڈرز پروگرام کے حوالے سے ”خواندگی اور علمی فروغ ” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے سیمینار کی صدارت کی جو لرننگ رسیورس سنٹر جی سی ویمن یونیورسٹی اور سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کے اشتراک سے منعقد ہوا جس کا مقصد مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے ذریعے طالبات میں مطالعے کا رجحان ، تنقیدی سوچ اور قیادت کی صلاحیتوں کوفروغ دینا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے پرجوش سیمینار کو نوجوانوں کو مطالعے اور جدید علم و ہنر کی طرف راغب کرنے کے لئے انتہائی مفید اور وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے متظمین کی کاوشوں کوسراہا۔ انہوں نے کہا کہ علم وہنر سے آراستہ نوجوانوں کی فورس کے ذریعے ہی عالمی ترقی کامقابلہ کیاجا سکتا ہے جس کے لئے سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ فروغ علم میں معروف تنظیموں کو جدت کے ساتھ علمی اقدامات کو بڑھانا چاہیئے ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ ملکی آبادی کا نصف سے زائد حصہ خواتین پر مشتمل ہے انہیں قومی ترقی میں شامل رکھنے کے لئے خواندگی اور جدید علوم کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے عالمی سطح پر نامور اور باصلاحیت خواتین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین میں صلاحیتوں کی کمی نہیں انہیں بااختیار بنا کر ہی معاشرہ تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔ انہوں طالبات پر زور دیا کہ وہ علمی جستجو و دسترس پر توجہ مرکوز رکھیں، روشن مستقبل اور ترقی انکا مقدر ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مطالعہ کے فروغ کے لئے سوسائٹی فار ریڈنگ اینڈ نالج کی علمی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے طالبات کو بامقصد مطالعہ کی عادات اپنانے کی ترغیب دی جو کردار کو سنورتی اور زندگی و دنیا کے بار ے میں ان کے نقطہ نظر کووسیع کرتی ہے۔ سیمینار کے دیگر مقررین میں ڈائریکٹر وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب طارق خان نیازی، رانا محمد عابد، وحید خالق رامے، معروف شاعر عدنان بیگ ودیگر شامل تھے جنہوں نے مطالعے، تخلقیقی صلاحیتوں اور علمی وابستگی کی انقلابی قوت پر روشنی ڈالی۔ کنونیئر پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اکرم نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہانوں کو یادگاری شیلڈز اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button