"ای خدمت مرکز” سے ڈومیسائل کی فری ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز ہوگیا
ڈپٹی کمشنر محمدعلی نے افتتاح کیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمیاں آفتاب،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،سینئر پروگرام مینجر خدمت مرکزخاورحفیظ بھی موجود


فیصل آباد(94 نیوز) ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام "ای خدمت مرکز” سے تحصیل سٹی وصدر کے رہائشی درخواست گزاروں کو ڈومیسائل کی فری ہوم ڈلیوری سروس کا آغاز ہوگیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمدعلی نے خدمت مرکز سے اس عوامی سہولت کا افتتاح کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم،سینئر پروگرام مینجر خدمت مرکزخاورحفیظ،مینجر مصطفی ستار اور جنرل پوسٹ آفس کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کاؤنٹرپر درخواست گزاروں کے ڈومیسائل کی تیاری کے عمل کاجائزہ لیا اور ڈومیسائل بنوانے کے لئے موقع پر موجود درخواست گزاروں سے گفتگو کرکے ان سے سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈومیسائل کی ہوم ڈلیوری گڈ گورننس اور عوامی سروسز کی فراہمی کی جانب ایک اوراہم قدم ہے اور ڈومیسائل تیار کرکے زیادہ سے زیادہ 72گھنٹوں میں متعلقہ ایڈریس پر ڈلیورکرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف طالب علموں و دیگر درخواست گزاروں کے وقت کی بچت ہوگی بلکہ سروس ڈلیوری میں بھی اضافہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے خدمت مرکز میں شہریوں کو مختلف محکموں /اداروں کی سروسز ایک چھت تلے فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ خدمت مرکز میں مختلف سروسز کے لئے رابطہ کرنے والے شہریوں کے لئے آرام دہ اور پروقار سہولیات میں تعلطل نہیں آنا چاہیے جبکہ انہیں ہرممکن رہنمائی بھی فراہم کی جائے۔
سینئر پروگرام مینجر نے بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیراہتمام خدمت مرکز فیصل آباد میں گزشتہ اڑھائی سال سے شہریوں کو مختلف محکموں کی مستعد سروسز فراہم کررہا ہے اور اب تک 90ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو ڈومیسائل سر ٹیفکیٹ جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈومیسائل کی فری ہوم ڈلیوری کی بدولت شہریوں کو مزید سہولت حاصل ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ جدید تقاضوں کے مطابق ای خدمت مرکز پر 15مختلف محکموں کے 45پروسیسنگ کاؤنٹر موجود ہیں جہاں پر نادرا،ڈومیسائل،پولیس کریکٹرسرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لرننگ لائسنس، برتھ وڈیتھ سر ٹیفکیٹ کے اجراء کی سروسز دستیاب ہیں۔



