بین الاقوامی

روسی ایئرلائن کا طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام، مبینہ ہائی جیکرگرفتار

ماسکو (94نیوز) روسی ایئر لائن ایئروفلوٹ کی سائبیریا کے شہر سرگوت سے ماسکو جانے والی پرواز کو پائلٹ کی حاضر دماغی کے باعث ہائی جیک ہونے سے بچالیا گیا ہے۔ دوران پرواز ایک مسافر نے زبردستی طیارے کا رخ افغانستان کی طرف کروادیا تھا تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو روس کے ہی ایک ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈ کرادیا جس کے بعد مبینہ ہائی جیکر کو گرفتار کرلیا گیا ۔

روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق ایئرو فلوٹ کی سرگوت سے ماسکو جانے والی پرواز میں موجود ایک مسافر نے مطالبہ کیا کہ طیارے کو افغانستان کی جانب موڑا جائے۔ طیارے نے 2 ہزار 150 کلومیٹر کا سفر طے کرکے روس کے دارالحکومت پہنچنا تھا لیکن اس وقت ہیجانی کیفیت پیدا ہوگئی جب طیارے کا رخ اچانک مڑ گیا اور اس نے الٹی طرف سفر کرنا شروع کردیا۔

 روسی ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کا رخ ایک مسافر نے تبدیل کروانے کی کوشش کی تھی جو چاہتا تھا کہ طیارے کوہائی جیک کرکے افغانستان لے جایا جائے۔ اس صورتحال میں پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو سرگوت کے مغرب میں واقع خانتے مانسسک شہر کے ایئر پورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرکے یہ کوشش ناکام بنادی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی فوری ردعمل دیا اور طیارہ لینڈ کرتے ہی ہائی جیکر کو گرفتار کرلیا۔ واقعے کے بارے میں روس کے سرکاری حکام یا ایئر لائن کی جانب سے کوئی آفیشل بیان جاری نہیں کیا گیا۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button