حضور اکرم ﷺ نے ہی امت کو اللہ کی پہچان کروائی، مفتی محمد یامین قریشی

واسا ہیڈ آفس مسجد میں خصوصی محفل نعت کا انعقاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں محمد مقصود سمیت واسا سٹاف کی کثیر تعداد کی شرکت

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) عیدمیلاد النبی صلی اللہ والہ وسلم کے سلسلہ میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ کی زیر نگرانی واسا ہیڈ آفس مسجد میں خصوصی محفل نعت کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں محمد مقصود سمیت واسا سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل نعت کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مفتی ابو الخیر محمد یامین قریشی نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی جانب سے سب سے بڑی نعمت اللہ کی پہچان کرانا ہے اور معرفت الٰہی کسی بھی مومن کے لئے سب سے بڑی دولت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کے آغاز کے ایام میں حضرت محمد عربی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے کلمہ توحید بلند کرنے پر ان کے ساتھیوں پر ظلم و ستم کیا جاتا رہا لیکن وہ مصطفی کی غلامی پر ڈٹے رہے اور دنیا و آخرت میں فلاح پائی۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد کے بعد سب سے بڑا فیض یہی تھا کہ بتوں سے نجات دلائی اور ایک اللہ کے سامنے کھڑا کردیا ، اور ظاہری اور باطنی بت پرستی سے نجاتی دلائی اور بلا امتیاز اللہ کی توحید کی پہچان کروائی۔ علامہ مفتی ابوالخیر نے واضح کیا کہ ہمیں آج عہد کرنا ہو گا کہ اپنے دلوں کی بت پرستی چھوڑ کر اللہ کی وحدانیت اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا رہیں ۔ محفل نعمت میں علی احمد رضا ، بشارت علی ، طاہر اقبال ، حافظ عدنان نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حضور ہدیہ تبریک پیش کیا اور محفل کے اختتام پر ملکی سلامتی اور محکمہ کی خوشحالی و ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔



