تقریبات/سیمینارز

جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ترک یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے سیمینار اور ثقافتی نمائش، قونصل جنرل ترکیہ لاہور کی اہلیہ ملتم شمشیک مہمانِ خصوصی

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ترک جمہوریہ کے یومِ قیام کے موقع پر سیمینار اور ’’ترکش کلچرل ایگزیبیشن‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغۂ امتیاز) کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی ملتم شمشیک، قونصل جنرل ترکیہ لاہور کی اہلیہ اور نمائندۂ خصوصی تھیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ایمان، دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے۔ انہوں نے جی سی ویمن یونیورسٹی کی جانب سے بین الثقافتی روابط کے فروغ اور طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ایسی سرگرمیاں دونوں ممالک کے عوام کو قریب لاتی ہیں اور محبت کے رشتے کو مزید گہرا کرتی ہیں۔”
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اپنے خطاب میں ترک قونصلیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ تعاون، جی سی ویمن یونیورسٹی کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت طالبات کو عالمی سطح پر باخبر، روادار اور ثقافتی تنوع کی قدردان شہری بنانا مقصود ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ایسے پروگرام تعلیمی و ثقافتی اشتراک کو فروغ دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔”
پروگرام کا آغاز ’’ترکش کلچرل ایگزیبیشن‘‘ کے افتتاح سے ہوا جس میں ترک ثقافت، ورثے اور پاک–ترک دوستی کو نمایاں کرتی خوبصورت تخلیقات پیش کی گئیں۔ شعبہ انگریزی، پولیٹیکل سائنس آرٹ اینڈ ڈیزائن اور ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر کی جانب سے ترکی زبان، ادب اور روایات کے موضوع پر معلوماتی اسٹالز لگائے جنہیں شرکاء نے بے حد پسند کیا۔
طالبات نے پاک–ترک تعلقات پر مختصر ڈاکومنٹری اور ثقافتی پروگرام پیش کیا جس نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔
ملتم شمشیک اور وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین نے دوستانہ ٹیبل ٹینس میچ میں حصہ لیا جو دونوں ممالک کے درمیان محبت اور خیرسگالی کی علامت بن گیا۔
اختتام پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button